آئی پی ایل میں رقم ہوئی نئی تاریخ، حیدرآباد نے ممبئی کو 278 رن کا دیا ہدف

عظمیٰ ویب ڈیسک

حیدرآباد// سن رائزرز حیدرآباد کے بلے بازوں نے بدھ کے روز ممبئی انڈینز پر تباہی مچادی، کیونکہ اس ٹیم نے انڈین پریمیئر لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ٹیم نے حیدرآباد میں 20 اووروں میں 3 وکٹ کے نقصان پر 277 رنز بنائے، اس سے قبل آر سی بی نے سال 2013 میں 5 وکٹ کے نقصان پر 263رنز بنائے تھے۔
ہینرک کلاسن 80 رن، ابھیشیک شرما 63 رن اور ٹریوس ہیڈ کی 62 رنز کی طوفانی نصف سنچریوں کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے آٹھویں میچ میں بدھ کو ممبئی انڈینز کو جیت کیلئے ریکارڈ 278 رنوں کا ہدف دیا۔
راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم، اپل، ممبئی انڈین کے کپتان ہاردک پانڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آئے مینک اگروال اور ٹریوس ہیڈ کی اوپننگ جوڑی نے ممبئی کے لیے اچھی شروعات کی اور پہلی وکٹ کے لیے 45 رنز جوڑے۔ پانچویں اوور میں ہاردک پانڈیا نے میانک اگروال کو 11 رنز پر آوٹ کرکے حیدرآباد کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے ابھیشیک شرما نے ٹریوس ہیڈ کے ساتھ مل کر چوکے اور چھکے لگا کر ممبئی کے بالنگ اٹیک کو تہس نہس کردیا۔
ابھیشیک شرما نے 23 گیندوں میں تین چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔
ٹریوس ہیڈ نے 24 گیندوں میں نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔ ان دونوں بلے بازوں کے آوٹ ہونے کے بعد بھی ایڈن مارکرم اور ہینرک کلاسن نے اپنی دھماکہ خیز بلے بازی کو تھمنے نہیں دیا۔
ہینرک کلاسن نے 34 گیندوں میں چار چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 80 رنز بنائے۔
ایڈن مارکرم نے 28 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔
حیدرآباد نے مقررہ 20 اوورز میں 277 رنز کا بڑا سکور بنایا جو ایک ریکارڈ ہے۔ حیدرآباد نے میچ میں 18 چھکے اور 19 چوکے لگائے۔ اس پوری اننگز میں جسپریت بمراہ واحد بالر ہیں جنہوں نے فی اوور 10 سے کم رنز دیے۔ ٹریوس ہیڈ نے ایس آر ایچ کے لیے تیز ترین نصف سنچری بنائی، پھر ابھیشیک نے اس ریکارڈ کو توڑ دیا۔ ممبئی کو یہ میچ جیتنے کے لیے معجزانہ مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ممبئی انڈینز کی جانب سے ہاردک پانڈیا، جیرالڈ کوٹزی اور پیوش چاولہ نے ایک ایک بلے باز کو آوٹ کیا۔
آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹوٹل کی فہرست یہ ہے:
سن رائزرز حیدرآباد 3 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بمقابلہ ممبئی انڈینز، 2024
رائل چیلنجرز بنگلورو 5 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز،بمقابلہ پونے واریئرز انڈیا، 2013
لکھنو سپر جائنٹس 5 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز، بمقابلہ پنجاب کنگز، 2023
رائل چیلنجرز بنگلورو 3 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز، بمقابلہ گجرات لائنز، 2016
چنئی سپر کنگز 5 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز، بمقابلہ راجستھان رائلز، 2010