زمین دھنسنے کا واقعہ: متاثرین کمیونٹی سینٹر رام بن منتقل، امدادی کوششیں جاری

عظمیٰ ویب ڈیسک

رام بن// ضلع رام بن کے پرنوٹ گاﺅں میں زمین دھنسنے سے 50 مکانات، بجلی کے بنیادی ڈھانچے اور سڑک کو نقصان پہنچنے کے ایک دن بعد، انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے 24×7 آپریشنل کچن قائم کیا ہے اور اُنہیں کمیونٹی سینٹر رام بن منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم ریلیف کیمپ اور ڈی ڈی ایم اے رام بن کیمپ آفس پرنوٹ پنچایت میں کام کرتے رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر، رام بن ، بصیر الحق کے دفتر نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا، “ضلعی انتظامیہ رام بن کی جانب سے کوششیں جاری ہیں، ایک چوبیس گھنٹے فعال باورچی خانہ پرنوٹ میں کیمپ سائٹ پر خاندانوں کی مدد کے لیے کام کر رہا ہے، جاری بچاو کو تقویت دے رہا ہے اور بحالی کی کوششیں جاری ہیں”۔
دفتر نے یہ بھی پوسٹ کیا کہ ایک ایمرجنسی آپریشن سینٹر، ڈی سی کا کیمپ دفتر، اور چیئرمین ڈی ڈی ایم اے رام بن کو ان کے مشکل وقت میں بے گھر خاندانوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا، “یہ رام بن کے پرنوٹ میں زمین دھنسنے اور رہائشی مکانات کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال پر ایک فعال ردعمل ظاہر کرتا ہے، کیمپ دفتر اس بات کو یقینی بنائے گا کہ متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ضروری امدادی کوششوں کو موثر طریقے سے مربوط کیا جا رہا ہے”۔

Click here to follow Kashmir Uzma on WhatsApp
ڈپٹی کمشنر بصیر الحق چوہدری نے پرنوٹ گاوں کا بھی دورہ کیا جو ضلعی ہیڈ کوارٹر سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور متاثرہ خاندانوں کو امداد اور بجلی سمیت دیگر ضروری خدمات کی بحالی کی یقین دہانی کرائی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مکانوں میں دراڑیں پڑنا شروع ہوگئیں، اور گول اور رام بن کے درمیان سڑک رابطہ مسلسل بند ہے۔
مقامی رضاکاروں نے ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں میں شامل ہو کر متاثرہ لوگوں کو تباہ شدہ مکانات سے اپنا سامان منتقل کرنے میں مدد کی۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ گول سب ڈویژن کو ضلع ہیڈکوارٹر سے ملانے کے لیے سمبر-ڈگڈول کے راستے ایک متبادل سڑک کو فعال کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا، “ضلعی انتظامیہ سڑکوں، بجلی اور شہری سہولیات کی بحالی کے کام کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ ضروری اور ہنگامی سامان کے لیے متبادل سڑکیں کھول دی گئیں۔ انتظامیہ چیلنجنگ قدرتی بحران کے دوران شہریوں کی حفاظت، بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے“۔