عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے بدھ کے روز کہاکہ عمر عبداللہ کی سربراہی والی عوامی منتخبہ حکومت لوگوں کو ڈرانے اور دھمکانے سے نہیں بلکہ انہیں شراکت دار بنا کر امن کو یقینی بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کرئے گی۔
انہوں نے کہاکہ لوگوں کے مشکلات کا ازالہ کرنے کی خاطر حکومت زمینی سطح پر کام کر رہی ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے حلقہ انتخاب زڈی بل میں خطاب کے دوران کیا۔تنویر صادق نے کہا کہ عوام کو راحت پہنچانا ہمارا بنیادی منشور ہے کیونکہ یہاں کے عوام نے 2015کے بعد زبردست بے چینی، غیر یقینیت، دھونس و دباؤ، خوف و ہراس اور مصائب و مشکلات کا سامنا کیاہے۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کی عوامی حکومت نے معرض وجود آنے کے ساتھ ہی عوام کو راحت پہنچانا شروع کردیا ہے اور انشاءاللہ عوامی اشتراک اور تعاون سے حکومت الیکشن سے قبل کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرکے ہی دم لیگی۔
ان کے مطابق یہ پہلی بار ہوگا کہ جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ بجٹ پیش کرنے جارہے ہیں اور بجٹ سے پہلے وزیر اعلیٰ نے جس طرح سے تمام متعلقین بشمول عوامی نمائندے کیساتھ میٹنگیں کیں وہ قابل سراہنا ہے اور ہمیں اُمید ہے کہ بجٹ عوام دوست اور نوجوان دوست ہوگا۔
حکومت عوام کو شراکت دار بنا کر امن کو یقینی بنائے گی: تنویر صادق
