عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر کی اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس-کانگریس اتحاد نے 47 نشستوں پر برتری حاصل کر لی ہے، جبکہ بی جے پی 28 نشستوں پر آگے ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق، پی ڈی پی 3 نشستوں پر آگے ہے جبکہ 7 آزاد امیدوار بھی برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔
نیشنل کانفرنس 39 نشستوں پر جبکہ ان کی اتحادی کانگریس 8 نشستوں پر آگے ہے۔ پی ڈی پی 4 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)، سی پی آئی (ایم)، پیپلز کانفرنس اور ڈی پی اے پی ایک ایک نشست پر برتری رکھتے ہیں۔
قابل ذکر افراد میں این سی کے نائب صدر عمر عبداللہ دونوں نشستوں پر آگے ہیں، پردیش کانگریس صدر طارق حمید قرہ، اے آئی سی سی جنرل سیکرٹری غلام احمد میر، سی پی آئی (ایم) لیڈر ایم وائی تاریگامی اور بی جے پی کے سابق وزیر شم لال شرما اور دیویندر سنگھ رانا برتری لیے ہوئے ہیں۔
تاہم، جے کے بی جے پی صدر رویندر رینہ نوشہرہ حلقے سے این سی کے سریندر چودھری سے 2,797 ووٹوں کے فرق سے پیچھے چل رہے ہیں۔
ووٹوں کی گنتی صبح 8 بجے 28 مراکز پر شروع ہوئی تھی، جس میں تین مرحلوں میں ہونے والے انتخابات کی 90 نشستوں کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔