عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر پردیش کانگریس نے ریاستی درجے کی بحالی کے مطالبے پر نیشنل کانفرنس کی جانب سے مجوزہ جنتر منتر احتجاج کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے “دیر آئے، درست آئے” قرار دیا ہے۔ کانگریس نے کہا ہے کہ ریاستی درجے کی بحالی ایک متفقہ ایجنڈا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر جدوجہد کرنی چاہیے۔
کانگریس کے سینئر نائب صدر سریندر سنگھ چنی نے جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں ایک تقریب کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے جموں و کشمیر میں حکومت سازی کے لیے بیرونی حمایت اسی مقصد کے تحت فراہم کی تاکہ مرکزی حکومت کو یہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے پارلیمنٹ میں جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ بحال کرنے کا جو وعدہ کیا تھا، اسے عملی جامہ پہنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پہلی سیاسی جماعت تھی جس نے ریاستی درجے کی بحالی کے مطالبے پر جنتر منتر میں احتجاج کیا تھا، جسے قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بھی سراہا تھا۔
سریندر سنگھ چنی نے مزید کہا کہ اب جبکہ نیشنل کانفرنس نے بھی ریاستی درجے کی بحالی کے لیے جنتر منتر پر احتجاج کا اعلان کیا ہے، کانگریس اس اقدام کا خیرمقدم کرتی ہے اور اس کی مکمل حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا مؤقف بالکل واضح ہے اور وہ چاہتی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر ریاستی درجے کی بحالی کے مشترکہ مقصد کے لیے ایک پلیٹ فارم پر آئیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی جموں و کشمیر کے عوام کا حق ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر آواز بلند کرنی چاہیے۔