کولگام جھڑپ میں انتہائی مطلوب لشکر کمانڈر باسط ڈار مارا گیا: آئی جی پی کشمیر

File Image

عظمیٰ ویب ڈیسک

کولگام// جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے ریڈوانی پائین علاقے میں منگل کو انتہائی مطلوب لشکر / ٹی آر ایف کمانڈر باسط ڈار اور ایک اور جنگجو مارے گئے ہیں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وی کے بردھی نے کہا کہ باسط ڈار، جو انتہائی مطلوب افراد میں شامل تھا، ایک اور جنگجو کے ساتھ سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک انکاﺅنٹر میں مارا گیا۔ سینئر افسر نے کہا کہ یہ فورسز کے لیے ایک اہم کامیابی ہے کیونکہ باسط ڈار خاص طور پر سرینگر میں بہت سے عسکری حملوں کا ذمہ دار تھا۔
کولگام کے ریڈوانی علاقے کا رہنے والا باسط لشکر طیبہ سے وابستہ تنظیم دی ریزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) میں شامل ہونے سے پہلے تین سال سے اپنے گھر سے لاپتہ تھا۔
این آئی اے نے ٹی آر ایف کے سربراہ باسط احمد ڈار کی گرفتاری کیلئے اطلاع دینے پر 10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔
پولیس افسر نے مزید کہا کہ باسط بہت سی شہری ہلاکتوں کا ماسٹر مائنڈ بھی تھا۔
یاد رہے کہ جنوبی ضلع کولگام کے ریڈوانی پائین علاقے میں گزشتہ شام سے جاری تصادم میں 2 جنگجو مارے گئے ہیں جبکہ جائے تصادم سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا ہے۔
ادھر، پونچھ ضلع کے مینڈھر میں ہفتہ کی شام فضائیہ کے قافلے پر حملے کے بعد سے کئی کلومیٹر علاقوں میں محاصرہ اور تلاشی کاروائیاں جاری ہیں تاہم سیکورٹی فورسز کو تاحال اس سلسلے میں کوئی پیش رفت حاصل نہیں ہوئی ہے۔ بتادیں کہ اس حملے میں کم از کم 5 فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک اودھم پور کمانڈ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔