راجا ارشاد احمد
گاندربل// وسطی ضلع گاندربل میں گزشتہ روز چاقو زنی واردات میں ملوث ملزم کو پولیس نے چار گھنٹوں کے دوران ہی گرفتار کرکے قتل کا معمہ حل کردیا ہے۔
گاندربل کے علاقہ علاقہ شیر پتھری سے منسلک کڑھن پیرپورہ میں گزشتہ روز پیش آئے بے دردانہ قتل واردات میں فوری پیش رفت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاندربل پولیس نے ایس ایچ او شیخ منظور کی قیادت میں فرار ملزم کو چار گھنٹے کے اندر ہی گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
ایس ایچ او گاندربل منظور احمد نے اس بارے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا ، “منظور احمد وانی ولد عبدالرشید نامی شخص جو گزشہ روز قتل کی واردات میں ملوث تھا جو کہ موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا کو اسکے گھر کے قریب ہی کڑی مشقت اور ٹکنالوجی کے موثر استعمال کے بعد گرفتار کر لیا گیا”۔
یاد رہے کہ ہفتہ کے روز کڑھن پیرپورہ میں مبینہ طور ملبوسات کی دکان کے مالک فیاض احمد ڈار ولد غلام حسن پر اسی کی دکان میں تیز دھار والے چاقو سے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا گیا تھا اور ملزم منظور احمد وانی موقع واردات سے فرار ہوگیا تھا۔ چنانچہ اس دوران خون میں لت پت دکاندار کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی جنگ ہار گیا۔
پولیس تھانہ گاندربل میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، معاملہ زیر تفتیش ہے۔