عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے اتوار کے روز اُمید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر حکومت پولیس سب انسپکٹر کی اسامیوں کے لئے امیدواروں کو عمر میں رعایت دے گی، کیونکہ 2019 سے بھرتی کا عمل تاخیر کا شکار ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے عمر کی حد میں رعایت کو امیدواروں کا جائز مطالبہ قرار دیا۔
محبوبہ مفتی نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا، “بے شمار جموں و کشمیر پولیس سب انسپکٹر امیدوار بھرتی میں 2019 سے تاخیر، بدعنوانیوں اور امتحانات کی منسوخی کی وجہ سے غیر یقینی مستقبل کا سامنا کر رہے ہیں۔ عمر کی رعایت ایک جائز مطالبہ ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ فوری طور پر منظور کی جائے گی”۔
انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو بھی اپنے پوسٹ میں ٹیگ کیا۔
پولیس سب انسپکٹر کی بھرتی کے لئے تحریری امتحان 2022 میں منعقد کیا گیا تھا، لیکن بدعنوانیوں کے الزامات کے پیش نظر منتخب امیدواروں کی فہرست منسوخ کر دی گئی۔
ان الزامات کی تحقیقات کے لئے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو ذمہ داری سونپی گئی، جس نے اس کیس میں 24 افراد، جن میں ایک بی ایس ایف افسر بھی شامل ہے، کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔