جموں//جموں و کشمیر حکومت نے گزشتہ سال دسمبر میں جموں کے سدھرا علاقے میں ہوئے ایک مسلح تصادم کی مجسٹریل جانچ کا حکم دیا ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے جاری کردہ ایک حکم نامہ کے مطابق، اسسٹنٹ کمشنر، جموں، پیوش دھوترا کو 28دسمبر کو سدھرا میں پولیس چوکی کے قریب ہونے والے انکائونٹر کی تحقیقات کے لیے انکوائری افسر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔
دھوترہ نے بدھ کو جاری ایک نوٹس میں کہا، “مجھے مجسٹریٹ انکوائری کرنے اور ضلع مجسٹریٹ، جموں کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے”۔
تحقیقات کا حکم قومی انسانی حقوق کمیشن کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق دیا گیا ہے۔
افسر نے کہا، ’’معاملے کے حقائق کو اکٹھا کرنے اور منصفانہ اور شفاف طریقے سے انکوائری کرنے کے لیے، کوئی بھی شخص دفتر میں آکر آج سے 21جنوری تک اپنا بیان ریکارڈ کراسکتا ہے‘‘۔
یاد رہے کہ جموں کے سدھرا علاقے میں گزشتہ ماہ ہوئے تصادم میں چار بھاری ہتھیاروں سے لیس جنگجو، جو پاکستان سے دراندازی کے بعد ایک ٹرک میں سوار ہو کر کشمیر جا رہے تھے، مارے گئے تھے۔
ان کے قبضے سے سات اے کے اسالٹ رائفلز، ایک ایم فور رائفل، تین پستول اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا تھا۔
سدھرا جھڑپ کی مجسٹریل جانچ کا حکم