عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے آج جموں و کشمیر پولیس کے نو تعینات کانسٹیبلز میں تقرری نامے تقسیم کئے۔ اس موقع پر انہوں نے نئی بھرتیوں پر زور دیا کہ وہ مادرِ وطن کے اتحاد اور سالمیت کے دفاع کیلئے خود کو وقف کریں اور اس فورس کی شاندار روایات کو مزید مضبوط بنائیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمیں ہر وقت چوکس اور بیدار رہنا ہوگا کیونکہ امن و قانون اور ملی ٹینسی کے خطرات کی نوعیت بدل چکی ہے، جس کیلئے مستقل نگرانی اور ایسے خطرات کے خلاف ہوشیاری ضروری ہے جو بظاہر نظر نہیں آتے۔
انہوں نے کہا کہ نئی بھرتیوں کو ایک ٹیم کی صورت میں کام کرنا ہوگا کیونکہ جموں و کشمیر کو درپیش چیلنجز مختلف ایجنسیوں کے درمیان بہتر تعاون کا تقاضا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب معلومات کا تبادلہ، حکمت عملی کی مشترکہ منصوبہ بندی اور دشمن کے خلاف متحد ہوکر کارروائی کی جاتی ہے تو ایسی صلاحیتیں پیدا ہوتی ہیں جو کوئی ایک ادارہ تنہا حاصل نہیں کرسکتا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پُرامن بقائے باہمی، خیرسگالی اور دوستی کی اقدار پر یقین رکھتا ہے، تاہم ملک کو ایک ایسے پڑوسی کا سامنا ہے جو دنیا بھر میں ملی ٹینسی کے منبع کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون و نظم برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ نئے کانسٹیبلز کو ملی ٹینسی کے خاتمے کیلئے قومی سلامتی کی پہلی صف میں ثابت قدمی کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو خوف اور ملی ٹینسی سے پاک بنانے کیلئے سب کو عزم اور مؤثر انداز میں کام کرنا ہوگا۔ ملی ٹینسی اپنے آپ قائم نہیں رہتی بلکہ اسے مالی معاونت، نیٹ ورک اور سپورٹ سسٹم درکار ہوتے ہیں، اس لئے قانون کی مکمل طاقت استعمال کرتے ہوئے فنڈنگ کے ذرائع کا سراغ لگا کر انہیں ختم کرنا ضروری ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ پولیس کو بنیادی پولیسنگ کے روایتی طریقوں کو بھی اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امن و قانون کے معاملات میں بیٹ پولیسنگ انتہائی مؤثر ثابت ہوتی ہے۔ اگر ایک بیٹ کانسٹیبل یہ عزم کرے کہ اس کے دائرہ اختیار میں کوئی جرم نہیں ہوگا اور سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ نہیں ہونے دیا جائے گا تو اس کے مثبت نتائج ضرور سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نئی بھرتیاں جموں و کشمیر پولیس کی عظیم روایت کی وارث ہیں اور انہیں مزید تقویت بخشیں گی۔ ان کے مطابق جموں و کشمیر پولیس کی ہر وردی جرات، عزم اور خدمت کی ایک داستان سناتی ہے جو ملک کی تاریخ کا اہم حصہ ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جاری نشہ مکت جموں و کشمیر مہم کے دوران منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف جموں و کشمیر پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائیوں کی بھی سراہنا کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کے راستوں کو مکمل طور پر بند کرنے کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے اور آنے والے دنوں میں سخت اقدامات کے ذریعے بڑی کامیابیاں حاصل ہوں گی۔
تقریب کے دوران 3200 سے زائد نئے کانسٹیبلز کو جموں و کشمیر پولیس فورس میں شامل کیا گیا۔
تقریب میں چیف سیکریٹری اتل ڈولو، ڈی جی پی نلین پربھات، پرنسپل سیکریٹری محکمہ داخلہ چندرکر بھارتی، اسپیشل ڈی جی کوآرڈینیشن ایس جے ایم گیلانی، کمانڈنٹ جنرل ہوم گارڈز عبدالغنی میر، اور دیگر سینئر افسران و نئی بھرتیوں کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
جموں و کشمیر پولیس کے نو تعینات کانسٹیبلز میں تقرری نامے تقسیم،لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نئی بھرتیوں پر زور