عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے 1996کے سرینگر ہجوم تشدد اور پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کے ایک مقدمے میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چھ سینئر رہنماؤں، جن میں مرحوم سید علی شاہ گیلانی اور شبیر احمد شاہ بھی شامل ہیں، کے خلاف چارج شیٹ پیش کر دی ہے۔جاری ایک بیان کے مطابق، چارج شیٹ میں شبیر احمد شاہ، سید علی شاہ گیلانی، عبدالغنی لون، محمد یعقوب وکیل، جاوید احمد میراور شکیل احمد بخشی کو نامزد کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام چھ ملزمان کے خلاف رنبیر پینل کوڈ، 1989کی متعلقہ دفعات کے تحت مجرمانہ سازش، اقدامِ قتل، ہنگامہ آرائی، سرکاری ملازمین پر حملہ، اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے)، 1967کی دفعہ 13 کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
این آئی اے کے مطابق، سید علی شاہ گیلانی، عبدالغنی لون اور محمد یعقوب وکیل کے انتقال کے باعث ان کے خلاف کارروائی قانوناً ختم ہو چکی ہے، تاہم چارج شیٹ میں مبینہ مجرمانہ سازش اور غیر قانونی اجتماع کے مشترکہ مقصد میں ان کے کردار کو شواہد کے ساتھ درج کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ 17 جولائی 1996 کو سرینگر کے ناز کراسنگ پر ہلاک شدہ عسکریت پسند ہلال احمد بیگ کے جنازے کے جلوس کے دوران مذکورہ حریت رہنماؤں نے ایک غیر قانونی اجتماع کی قیادت کی اور پولیس اہلکاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر تشدد پر مبینہ طور پر لوگوں کو اکسایا۔
این آئی اے کے مطابق، جلوس میں شامل مسلح عسکریت پسندوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ شدید پتھراؤ کے دوران سرکاری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ حریت رہنماؤں نے مبینہ طور پر تشدد پر اکسانے، بھارت مخالف، پاکستان نواز اور علیحدگی پسند نعرے لگانے کے ساتھ ساتھ مسلح جدوجہد کی حمایت میں اشتعال انگیز تقاریر بھی کیں۔
این آئی اے کے مطابق، تحقیقات سے یہ بھی ثابت ہوا کہ یہ تشدد ایک مبینہ منظم مجرمانہ سازش کا حصہ تھا، جس کا مقصد جنازے کے جلوس کو علیحدگی پسند نظریے کی تشہیر، حکومتِ ہند کے خلاف عوامی حمایت حاصل کرنے، امن و امان میں خلل ڈالنے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف تشدد پر اکسانے اور جموں و کشمیر میں حریت کی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے استعمال کرنا تھا۔بیان کے مطابق، اس واقعے کے روز ہی پولیس اسٹیشن شیر گڑھی، سرینگرمیں ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جبکہ این آئی اے نے اپریل 2026 میں اس کیس کی تحقیقات اپنے ہاتھ میں لی تھیں۔ ایجنسی نے کہا کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
این آئی اے نے مرحوم علی شا ہ گیلانی، عبدالغنی لون اور شبیر شاہ سمیت 6 حریت رہنماؤں کے خلاف چارج شیٹ پیش کر دی