عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر (DSEK) نے کشمیر بھر کے سرکاری، تسلیم شدہ نجی اسکولوں اور کوچنگ سینٹروں میں موجود تمام کتابوں کی جامع جانچ (اسکریننگ) کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تعلیمی اداروں میں کوئی ایسی کتاب موجود نہ ہو جس میں قابلِ اعتراض مواد شامل ہو۔ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری سرکلر نمبر 2-DSEK آف 2026مؤرخہ 6 جولائی 2026کے مطابق تمام ادارہ جاتی سربراہان (HOIs) کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دفاتر، جماعتوں، اسٹاف رومز، اسکول لائبریریوں اور حال ہی میں خریدی گئی یا پرانی تمام کتابوں کا تفصیلی جائزہ لیں۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ جانچ کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کسی بھی کتاب میں ایسا مواد شامل نہ ہو جو مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچاتا ہو، طلبہ کے لیے نامناسب ہو، موجودہ قوانین یا قومی مفاد کے خلاف ہو، یا تعلیمی اقدار اور مقررہ اصولوں سے متصادم ہو۔ تمام کتابیں قومی تعلیمی پالیسی (NEP-2020)کے عمر کے مطابق رہنما اصولوں سے بھی ہم آہنگ ہونی چاہئیں۔اگر کسی ادارے میں قابلِ اعتراض مواد پر مشتمل کتاب پائی جاتی ہے تو ادارے کے سربراہ کو کتاب کا عنوان، اشاعت کا سال، مصنف، ناشر اور دستیاب نسخوں کی تعداد سمیت مکمل رپورٹ تیار کرنی ہوگی۔
تمام اسکولوں اور کوچنگ سینٹروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ13 جولائی 2026تک جانچ کا عمل مکمل کرکے متعلقہ چیف ایجوکیشن آفیسر (CEO) یا زونل ایجوکیشن آفیسر (ZEO) کو تعمیلی سرٹیفکیٹ اور رپورٹ جمع کرائیں، جس میں یہ تصدیق کی جائے کہ تمام کتابوں کا مکمل جائزہ لیا گیا ہے اور ادارے میں کوئی قابلِ اعتراض مواد موجود نہیں ہے، جبکہ لائبریری کی کتابیں NEP-2020اور متعلقہ قوانین کے مطابق ہیں۔اگر کسی کتاب میں قابلِ اعتراض مواد کی نشاندہی ہوتی ہے تو اس کی تفصیلی رپورٹ بھی مقررہ مدت کے اندر جمع کرانا لازمی ہوگا۔
زونل ایجوکیشن آفیسرز اپنے دائرہ اختیار کے تمام اسکولوں اور کوچنگ سینٹروں کی رپورٹس مرتب کرکے 15 جولائی تک متعلقہ چیف ایجوکیشن آفیسر کو بھیجیں گے، جبکہ چیف ایجوکیشن آفیسرز کشمیر ڈویژن 17 جولائی تک تمام رپورٹس ڈائریکٹوریٹ کو ارسال کریں گے۔
اس عمل کی نگرانی کے لیے جوائنٹ ڈائریکٹر (سنٹرل، نارتھ، ساؤتھ)، ایڈیشنل سیکریٹری (لاء) اور او ایس ڈی (سی ای ڈبلیو) پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو تمام اضلاع کی رپورٹس جمع کرکے 19 جولائی 2026تک ڈائریکٹوریٹ کو جامع رپورٹ پیش کرے گی۔ڈائریکٹوریٹ نے واضح کیا ہے کہ احکامات پر عمل درآمد میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ذمہ دار افسران کے خلاف متعلقہ قواعد کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر کی جانب سے سرکاری و نجی اسکولوں اور کوچنگ سینٹروں میں تمام کتابوں کی جانچ کا حکم