عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// دہلی کی ایک عدالت نے پیر کو وزیر اعلی اروند کیجریوال کو ایکسائز پالیسی سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں 15 اپریل تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی حراست ختم ہونے کے بعد کیجریوال کو خصوصی جج کاویری باویجا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
ای ڈی نے کجریوال کی 15 دن کی عدالتی تحویل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ “مکمل طور پر تعاون نہیں کر رہے” ہیں۔
عدالت میں داخل ہونے سے پہلے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، عام آدمی پارٹی لیڈر نے کہا، “وزیراعظم جو کچھ کر رہے ہیں (اپنی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے) وہ ملک کے لیے اچھا نہیں ہے”۔
آپ کے وزراءآتشی، سوربھ بھردواج اور کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال عدالت میں موجود تھے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے کیجریوال کو 21 مارچ کو کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔
اگلے دن خصوصی جج باویجا نے اسے 28 مارچ تک ای ڈی کی تحویل میں دے دیا۔
اس کے بعد، عدالت نے ای ڈی کی اس درخواست کی اجازت دے دی جس میں ان کی حراست میں پوچھ گچھ کو چار دن کے لیے یکم اپریل تک بڑھانے کی درخواست کی گئی تھی۔