جموں//جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینہ نے ہفتہ کو راجوری ضلع میں دہشت گردانہ حملوں کے بعد متحد رہنے کے لئے لوگوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو صرف ایک ساتھ کھڑے ہونے سے ہی شکست دی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں راجوری کے ڈانگری گاوں پر مسلح افراد کے حملے میں چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
یکم جنوری کو فائرنگ کے ایک واقع میں چار افراد ہلاک ہوئے تھے، وہیں دو کمسن دوسرے روز ایک دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) دھماکے میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
رینہ نے کہا، “لوگوں نے، بلا لحاظ مذہب، پیر پنجال (پونچھ اور راجوری اضلاع)، چناب وادی خطہ (ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن) اور ریاسی سمیت جموں بھر میں دہشت گردوں کی وحشیانہ کارروائی کے خلاف احتجاج کیا”۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی طرف سے خونریزی فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کی سازش ہے۔
راجوری کے دور افتادہ پوٹھا گاوں میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے رینہ نے کہا کہ جس طرح لوگوں نے ایک ساتھ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، جموں و کشمیر سے دہشت گردی کو جلد ہی جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ دہشت گرد بزدل ہیں اور ان میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھل کر لڑنے کی ہمت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں چوکنا رہنا ہوگا کیونکہ دہشت گرد ہمیں تقسیم کرنے کے لیے ٹارگٹ حملے کر رہے ہیں۔
رینہ نے عوام کی طرف سے دکھائے گئے اتحاد اور پاکستان کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لیے ان کے مضبوط عزم پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دہشت گردانہ حملوں کے خلاف لوگوں کا اتحاد قابلِ تعریف:رویندر رینہ