عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ترجمان اعلیٰ اور ایم ایل اے زادی بل تنویر صادق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ آئندہ اسمبلی اجلاس میں بجٹ پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ میں پہلا موقع ہوگا جب کوئی وزیر اعلیٰ بجٹ پیش کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بجٹ عوام دوست ہوگا۔
این سی رہنما نے کہا کہ وزیر خزانہ نے بجٹ سے قبل مختلف اسٹیک ہولڈرز، بشمول ایم ایل ایز، منتخب نمائندوں اور تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد سے مشاورت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی بار کیپکس بجٹ کی نگرانی ایم ایل ایز کریں گے۔
تنویر صادق نے جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی پالیسیوں کو ٹھہرایا۔حالیہ برطرف ملازمین کے معاملے پر، انہوں نے عمر عبداللہ کے مؤقف کو دہرایا کہ ہر کسی کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کا حق حاصل ہے اور انہیں منصفانہ موقع دیا جانا چاہیے۔جب پی ڈی پی کی طرف سے عمر عبداللہ پر سوپور واقعے جیسے معاملات پر کارروائی نہ کرنے کے الزام کے بارے میں پوچھا گیا—جس میں فوجی کارروائی کے دوران ایک ٹرک ڈرائیور ہلاک ہوا تھا تو تنویر صادق نے کہا کہ عمر عبداللہ نے اس معاملے پر مرکزی وزیر داخلہ سے بات کی ہے اور وقت مقررہ انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔
عمر عبداللہ نے سوپور ڈرائیور کی ہلاکت پر وقت مقررہ انکوائری کا مطالبہ کیا || جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے: تنویر صادق
