جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج جموں شہر کا ایک تفصیلی دورہ کیا ۔ اُنہوں نے سمارٹ سٹی پروجیکٹوں کے تحت مختلف کاموں کا جائزہ لیا اور ان کاموںکا مقصد ہیرٹیج سٹی کی خوبصورتی میں اِضافہ کرنا ہے۔
اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری کے ہمراہ صوبائی کمشنر جموں ، کمشنر جے ایم سی ، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں ، ایم ڈی کیبل کار کارپوریشن ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مبارک منڈی ہیرٹیج سوسائٹی ، جوائنٹ کمشنر جے ایم سی، پولیس اور سول اِنتظامیہ کے دیگر اَفسران بھی تھے۔
ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا کہ اگلے برس جون تک جموںشہر بہتر ہونے والا ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ شہر تیزی سے اَپنا نقطہ نظر تبدیل اور اَپنی قدر میں اِضافہ کر رہا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ پروجیکٹوں پر کام جاری ہے جو شہر کو بڑے پیمانے پر رونق بخشے گا اور سیاحوں کی توجہ کا ایک بڑا مرکز بن کر اُبھرے گا۔
چیف سیکرٹری ارون کمار مہتا نے سمارٹ سٹی مشن کے تحت ہاتھ میں لئے گئے مختلف پروجیکٹ سائٹس کا دورہ کیا ۔اُنہوں نے کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔
اُنہوں نے مبارک منڈی میں اَفسران کو ہدایت دی کہ ہیر ٹیج عمارتوں کے مکمل شدہ حصوں کو دسمبر کے وسط تک عوام کے لئے کھول دیا جائے ۔ اُنہوں نے اَفسران سے مزید کہا کہ وہ اِس کمپلیکس میں ثقافتی اور دیگر لوک سرگرمیاں شروع کریں جس میں جموں کی تاریخ اور روایات کی عکاسی ہو۔
اُنہوں نے اَفسران سے کمپلیکس کو وہاں پھینکے گئے مختلف تعمیر اتی سامان سے خالی کرنے کو بھی کہا ۔ اُنہوں نے اُنہیں ہدایت دی کہ وہ پورے علاقے کے منظر نامے کو بہتر بنائیں اور تعمیراتی کام کے دوران پیدا ہونے والی رُکاٹوں کو دور کریں۔
چیف سیکرٹری نے توی بیراج اور ریور فرنٹ کا دورہ کرتے ہوئے بیراج کو اَگلے برس جون تک مکمل کرنے اور دریائے توی کی ترقی کے پہلے مرحلے کا کام مقررہ وقت تک مکمل کرنے کی سخت ہدایات دیں ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ ترقیاتی کام مکمل ہونے پر شہر میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنیں گے ۔
ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے پیر کھو مندر اور باہو کیبل کار پروجیکٹ کا بھی دورہ کیا ۔اُنہوں نے وہاںسیاحوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے پیر کھو لفٹ کی جگہ اور اِس سے متعلقہ کاموں کا بھی معائینہ کیا۔ اُنہوں نے اس منصوبے کو صرف 6ماہ کی مدت میں مکمل کرنے پر زور دیا۔
چیف سیکرٹری نے باغِ بہو میں صوبائی کمشنر سے کہا کہ وہ باغ کو ملحقہ ایکویریم کے ساتھ جوڑنے کے اِمکان پر غور کریں ۔اُنہوں نے کہاکہ دونوں سہولیات ایک دوسرے کو بڑھا رہی ہیں۔اُنہوں نے قلعہ اور مندر کے علاقے کا بھی دورہ کیا اور اسے مزید پُر کشش اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے اقدامات کرنے پر زور دیا۔
اُنہوں نے دیگر پروجیکٹوں کا دورہ کیا جیسے پنج تیرتھی میں کثیر السطح پارکنگ اور شہر اور اس کے اَطراف میں جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔
چیف سیکرٹری نے ماہ جنوری میں ہی جمبو چڑیا گھر کو عوام کے لئے کھولنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ سیمی رِنگ روڈ منصوبہ ماہ اپریل میں پایہ¿ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ جموں شہر کو مزید متحرک ، شہری دوست اور بھیڑ سے پاک بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ نئے تیار کردہ جنرل بس سٹینڈ ، ملٹی لیول کار پارکنگ کم کمرشل کمپلیکس ، ڈوگرہ چوک سے کے سی چوک تک ورٹیکل گارڈن، جموںوکشمیر میں سب سے طویل فلائی اوور والا جموں اکھنور ایکسپریس وے ، پُلو ں کی خوبصورتی ،مختلف مذہبی کمپلیکس کی پرساد لائٹنگ ، الیکٹرک بسوں کا تعارف اور سٹی لینڈ سکیپنگ اور بیوٹیفکیشن کے دیگر پروجیکٹ جموں کو ملک کا سب سے متحرک شہر بنانے جارہے ہیں۔
چیف سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ توی ریور فرنٹ مرحلہ اوّل جلد مکمل ہونے جارہا ہے اور اس کے بعد مرحلہ دوم ۔ اس میں 250 میٹر چوڑے چینلائزڈ سیکشن کے ساتھ ایمبینکمنٹ/رٹیننگ وال کی تعمیر اور دونوں طرف 3.5 کلومیٹر کی لمبائی شامل ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ گجر نگر پُل پر پانی کی مناسب اونچائی ( تالاب ) حاصل کرنے کے لئے بیراج کی اونچائی کو بڑھانا بھی اسی کا حصہ ہے۔
مزید انکشاف کیا گیا کہ مبارک منڈی میں لائبریری کم کیفے ٹیریا جے ایس سی ایل کی جانب سے 3.29 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جارہا ہے اور یہ مئی 2023ءتک مکمل ہو جائے گا۔ اِس میں ورثے کی خصوصیات کے مطابق جگہ تیار کرنا، عمارت کے اندرونی حصوں کو تیار کرنا ہیر ٹیج فرنیچرکی فراہمی ، بیرونی اور اندرونی حصوں کے لئے مناسب روشنی ، فرنٹ کورٹ کو سیٹنگ ائیریا کے طور پر اَپ گریڈ کرنا ، فائرفائٹنگ ، ائیر کنڈیشننگ کے علاوہ دیگر سہولیات شامل ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ جے ایس سی ایل گجرات میں سابرمتی ریور فرنٹ کی طرز پر توی ریور فرنٹ تیار کررہا ہے ۔ اِس منصوبے کا مقصد قدرتی طور پر صاف کرنے کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی اور شہری بنیادی ڈھانے کی پائیداری کو فروغ دے کر دریائے توی کی جمالیاتی قدر کو بڑھانا ہے۔
سات کلومیٹر طویل ریور فرنٹ کو دو مرحلوں میں مکمل کرنے کی تجویز ہے ۔ پہلا مرحلہ چوتھے پُل سے مین توی پُل تک اور مرحلہ دوم مین توی پُل سے گجر نگر پُل تک شروع ہوتا ہے ۔ چیف سیکرٹر ی کو بتایا گیا کہ عوام کو آسان رسائی فراہم کرنے کے لئے دریا کے دونوں کناروں پر راستے بنائے جائیں گے۔
اِس موقعہ پر بتایا گیا کہ ابتدائی طورپر بھگوتی نگر بیراج سے وِکرم چوک پُل تک 2.7 کلو میٹر کا کام مرحلہ اوّل کے تحت شروع کیا گیا ہے اور یہ وقت پر مکمل ہونے والا ہے ۔
جموں شہر جون 2023 ءتک ایک نئی شکل اِختیار کرے گا: چیف سیکرٹری