عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے پولیس نےجنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں دو بدنام زمانہ منشیات فروشوں کی 75 لاکھ روپیے مالیت کی جائیدادوں کو نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹنس (این ڈی پی ایس) کی دفعات کے تحت ضبط کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ ایف 68 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے طارق احمد لون ولد محمد مقبول لون ساکن ستکی پورہ کی ایک کنال زمین ضبط کرلی گئی ہے۔انہوں نے کہاجائیداد، جس کی مالیت تقریباً 60 لاکھ روپیے ہے، منشیات کی اسمگلنگ کے ذریعے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزم پولیس اسٹیشن سری گفوارہ میں درج این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/20 کے تحت ایف آئی آر نمبر 48/2019 میں ملوث ہے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ نے گلزار احمد راتھر ولد غلام رسول راتھر ساکن واگہامہ کی کمر شل دکانوں کو ضبط کرلیا۔
انہوں نے کہاضبطی کی یہ کارروائی پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ میں درج این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ20/8 کے تحت ایف آئی آر نمبر 227/2024 میں انجام دی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ جائیداد، جس کی مالیت 15 لاکھ روپیے ہے، کی منشیات سے متعلق سرگرمیوں کی آمدنی کے طور پر تصدیق کی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ سخت کارروائیاں اننت ناگ پولیس کے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے اور منشیات کی غیر قانونی تجارت کی حمایت کرنے والے مالیاتی نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے پختہ عزم کو اجاگر کرتی ہیں۔
اننت ناگ میں دو منشیات فروشوں کی لاکھوں روپیے مالیت کی جائیدادیں ضبط:پولیس
