محمد تسکین
رام بن//خراب موسمی صورتحال کے درمیان پسیاں اور مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ اور تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک آمد ورفت معطل کر دی گئی ہے۔
رام بن بانہال سیکٹر میں جاری باشوں کے درمیان پیر کی صبح پسیاں گر آنے کی وجہ سے سرینگر قومی شاہراہ کو ٹریفک آمد ورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ میہاڑ اور کیفٹیریا موڑ رام بن میں مسلسل پتھر اور پسیاں گرنے کے بعد جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت کو معطل کیا گیا ہے، جس کے بعد اہلکاروں اور مشینری کو کام پر لگا دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پتھر گرنے کا سلسلہ رکنے کے بعد شاہراہ کو ٹریفک آمد ورفت کیلئے کھول دیا جائے گا۔
اُنہوں نے بتایا کہ اسی دوران مغل شاہراہ کے ہری کٹھا علاقے میں بھاری بھرکم پسی گرآنے کی وجہ سے شاہراہ کو ٹریفک آمد ورفت کیلئے بند کر دیا گیا۔
ادھر شاہراہیں بند ہونے سے ہزاروں مسافر اور مال بردار گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئی ہیں۔
ٹریفک حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شاہراہ پر سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک کنٹرول یونٹ سے شاہراہوں کی صورتحال سے متعلق تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔