عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کی عوامی نمائندہ سرکار لوگوں کو ہر سطح پر راحت رسانی اور دہلیز تک انصاف، لازمی اور ضروری خدمات دستیاب رکھنے پر کاربند ہے۔انہوں نے کہاکہ لوگوں سے جتنے بھی وعدئے کئے گئے انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔ان باتوں کااظہار موصوف نے پارٹی ہیڈ کواٹر پر عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہی جموں وکشمیر میں آئینی اور جمہوری اداروں کی بنیاد ڈال کر بنیادی حقوق دلوائے اور اچھی حکمرانی فراہم کرنے کیلئے بھی اسی جماعت نے عظیم قربانیاں پیش کی ہیں۔ ووٹ پرچی کا حق اور پریس پلیٹ فارم کی آزادی بھی نیشنل کانفرنس کی دین ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کی عوامی نمائندہ سرکار جموں وکشمیر کا تباہ شدہ ڈھانچے سدھارنے کیساتھ ساتھ پہاڑ نما مشکلات ، جو گذشتہ افسرشاہی راج میں ہم پر مسلط کئے ہیں ،کا سدباب کرنے کیلئے تن دہی سے کام کررہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہماری سرکار ہسپتالوں اور تعلیمی نظام کو پٹری پر لانے کیلئے سرگرمِ عمل ہے، جو غیر مقامی افسرشاہی نے گذشتہ برسوں کے دوران بدانتظامی کی وجہ سے بدنظمی کے شکار بنا دیئے گئے ہیں۔
صوبائی صدرنے عوام سے صبر اور انتظار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام وعدوں پر پوری طرح کاربند ہیں کیونکہ لوگوں نے اس جماعت کو بھاری منڈیٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی فیس میں کمی سے لیکر راشن کوٹا میں اضافہ تک اور عارضی ملازمین کی مستقلی سے لیکر روزگار کے وسیع مواقع پیش کرنے تک تمام وعدے ایک ایک کرکے پورے کئے جائیں گے۔
ایڈوکیٹ شوکت میر نے کہاکہ ہماری حکومت عوام کیلئے وقف ہے اور حکومت ہر وقت عوامی راحت کے کاموں میں مصروف ہے۔ جمہوری حکومت کے قیام کے بعد تمام وزرا، ممبرانِ اسمبلی اور انتظامیہ عوام کیلئے وقف ہیں۔انہوں نے پارٹی سے وابستہ افراد کو ہدایت کی کہ وہ عوام کیساتھ قریبی رابطہ رکھ کر اُن کے دکھ سکھ میں پیش پیش آئیں ، جو ہماری جماعت کا بنیادی منشور ہے۔