عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/محکمہ موسمیات کے مطابق یکم اور 2 فروری کو ایک نیا مغربی سلسلہ جموں و کشمیر کو متاثر کرنے جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں یونین ٹیریٹری کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔سری نگر میں محکمہ موسمیات کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی برفباری کے ساتھ تازہ برف جمنے کا امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق 31 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، تاہم شام کے وقت آسمان ابر آلود ہو سکتا ہے۔ محکمہ متعلقہ کی ایک اور پیشگوئی کے مطابق 3 فروری سے موسم میں بہتری متوقع ہے اور 3 سے 6 فروری کے دوران آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
موسمی پیش گوئی کے پیش نظر حکام نے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں انہیں سفر سے قبل ٹریفک حکام سے سڑکوں اور شاہراہوں کی صورتحال معلوم کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، خاص طور پر پہاڑی راستوں اور بین الاضلاعی سڑکوں پر سفر کے دوران احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔برفانی اور بلند علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو بھی برفباری کے دوران پھسلن والی اور برفانی تودوں کے خطرے سے دوچار علاقوں میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ عوامی سلامتی کو یقینی بنانے اور کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے جاری کردہ ایڈوائزریز پر عمل کرنا نہایت ضروری ہے۔
کشمیر میں یکم اور 2فروری کو بارش اور برفباری کا امکان: محکمہ موسمیات