یو این آئی
گوہاٹی// آ سام کے گولہ گھاٹ میں آج علی الصبح ایک خوفناک سڑک حادثہ میں 14 افراد ہلاک اور 27 دیگر زخمی ہوگئے۔
بتایا جاتا ہے کہ گولہ گھاٹ کے ڈیڑ گاوں کے نزدیک صبح 5 بجے مسافروں سے بھری ایک بس اور تیل ٹینکر درمیان ٹکر کے نتیجے میں یہ حادثہ ہوا، جس میں 12 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دو دیگر نے علاج کے دوران اسپتال میں دم توڑدیا اور 27 افراد زخمی ہوگئے۔ بس میں کل 45 افراد سوار تھے۔
حادثہ کا شکار تمام افراد ایک ہی گاوں کے تھے، جو نئے سال کے موقع پر ایک مندر کے درشن کے لئے علی الصبح تین بجے بس میں سوار ہوکر روانہ ہوئے تھے اور صبح پانچ بجے یہ حادثہ ہوگیا۔
مقامی انتظامیہ نے اس حادثہ کی انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی کا اظہار دکھ
وزیراعظم نریندر مودی نے آسام کے گولاگھاٹ میں المناک سڑک حادثےکی وجہ سے ہوئے جانی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے اس حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کنبے کے لئے پی ایم این آر ایف سے دو دولاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے جبکہ زخمیوں کے لئے پچاس پچاس ہزارروپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم کے دفتر نے ایکس پر پوسٹ کیا:
’’ آسام کے گولا گھاٹ میں سڑک حادثے کی وجہ سے ہوئے جانی نقصان پر دکھ ہوا ہے۔ حادثے میں مرنےوالے سوگوار کنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کے لئے جلدسے جلد راحت اور صحتیابی کے لئے دعاگوہوں ۔ مقامی انتظامیہ متاثرہ لوگوں کو سبھی ممکنہ امداد فراہم کررہی ہے ۔ ہلاک ہونے والے ہرشخص کے کنبے کو پی ایم این آر ایف سے، دو دو لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی اور زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے دئے جائیں گے: وزیراعظم ‘‘۔