گوجرانوالہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )//لانگ مارچ کے کنٹینر کے قریب فائرنگ سے مبینہ طور پر عمران خان بھی زخمی ہوئے ہیں تاہم وہ محفوظ ہیں اور انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ لانگ مارچ کو ختم کرنے کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔نجی ٹی وی چینلز کی جانب سے دعویٰ کیا جارہاہے کہ عمران خان کو مبینہ طور پر ٹانگ میں گولی لگی ہے۔پولیس نے فائرنگ کرنے والے مبینہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کنٹینر کے قریب فائرنگ کے باعث متعدد لوگ زخمی ہوئے ہیں جبکہ کنٹینر کے اوپر موجود تحریک انصاف کے اہم رہنما بھی فائرنگ کی زد میں آئے اور زخمی ہوئے جن میں فیصل جاوید، احمد چٹھہ سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔۔فواد چوہدری نے کنٹینر سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر سوچا سمجھا قاتلانہ حملہ ہواہے ، ہمارے درجنوں لوگ زخمی ہیں لیکن کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ، یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پاکستان کے پاپولر لیڈر کوہٹا دیا جائے ، ان پر قاتلانہ حملے کیئے جائیں ، یہ پہلا موقع نہیں ہے ، عمران خان پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے ، ہمارے بچوں اور لیڈر کا خون بہا ہے ، اس کا بدلہ لیں گے ، ہمارے لیڈر پر بندوقوں سے حملہ کیا گیاہے ،جو بھی اس کے پیچھے ہے وہ کان کھول کر سن لیں ہم اس کا بدلہ لیں گے ، ہمارے دوستوں کو گولیاں لگی ہیں، احمد چٹھہ شدید زخمی ہیں، یہاں ہمارے فیصل جاوید بھی شدید زخمی ہیں، ایم پی اے صاحب کو بھی گولی لگی ہے ، لیکن عمران خان کو گولی ماری گئی ، اس نے نشانہ سینے کا لیاتھا ، دو لوگوں نے پکڑ کر بندوق نیچے کی اس کی وجہ سے بچت ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان کا کنٹینر چلتا ہوا وزیر آباد میں کچہری کی طرف بڑھ رہا تھا کہ گلی کے اندر سے ایک شخص نمودار ہوا جس نے بلٹ پروف جیکٹ پہن رکھی تھی اس کے بعد اچانک فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا، کنٹینر پر موجود افراد بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں، عمران خان فائرنگ کے واقعہ میں زخمی ہوئے تاہم وہ خیریت سے ہیں اور انہیں کالے رنگ کی گاڑی میں بیٹھا کر فوری نامعلوم مقام پر روانہ کر دیا گیا، فائرنگ کا آغاز ہوتے ہی کنٹینر کو روک دیا گیا ، مارچ میں شریک لوگوں کے درمیان بھگدڑ مچ گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کرنےوالا مشتبہ شخص گرفتار
پولیس کاکہناہے کہ کچہری چوک کے قریب عمران خان کے قافلے پر فائرنگ ہوئی، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گئے، پولیس کا مزید کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیاگیا، مشتبہ شخص کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا۔