عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// سابق ایم ایل سی سریندر چودھری نے منگل کو بھارتیہ جنتا پارٹی کو چھوڑ کر نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کر لی۔
سریندر چودھری نے گزشتہ برس 30 مارچ کو پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی چھوڑ دی تھی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چگھ اور جموں و کشمیر بی جے پی کے سربراہ رویندر رینہ سمیت سینئر لیڈروں کی موجودگی میں ایک ہفتے کے اندر اندر بھاجپا میں شامل ہو گئے تھے۔
اس سے پہلے قبل، چودھری نے ایک ٹویٹ میں بی جے پی چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور جموں و کشمیر کے بی جے پی سربراہ پر خاندانی اور بدعنوانی کی حوصلہ افزائی کا الزام لگایا۔ چودھری 2014 کے اسمبلی انتخابات میں راجوری ضلع کے نوشہرہ اسمبلی حلقہ میں رویندر رینہ سے ہار گئے تھے۔
چودھری اور ان کے حامیوں کا نیشنل کانفرنس میں خیرمقدم کرتے ہوئے پارٹی کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے الزام لگایا کہ بی جے پی ریاستی مشینری کا استعمال ان لوگوں کو شکست دینے کے لیے کر رہی ہے جو پارٹی چھوڑ کر این سی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔
عمر عبداللہ نے اس موقع پر ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا،”آپ سریندر چودھری پر اس دباو کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے جو انہیں نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے سے روکنے کے لیے ڈالا گیا تھا۔ جن افسران کو عوام کی خدمت کرنی ہے، ان کا استعمال بی جے پی کے مخالفین پر دباو ڈالنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ میں افسران کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ آپ کا کام نہیں ہے اور یہ انتظامیہ ہمیشہ رہنے والی نہیں ہے“۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک علاقائی پارٹی کے لیڈر نے حال ہی میں نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بی جے پی کے دباو کے سامنے جھکنے پر مجبور ہوئے حالانکہ وہ پارٹی سے وابستہ نہیں ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا، ”جموں و کشمیر میں یہی ہو رہا ہے، جس سے لوگوں کو پریشانی ہو رہی ہے“۔ عمر عبداللہ نے پارٹی کارکنوں سے جموں و کشمیر کے ہر کونے میں اپنی سرگرمیاں تیز کرنے کو کہا۔
این سی کے نائب صدر نے کہا، ”ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم لوگوں تک پہنچیں، ان کے ساتھ کھڑے ہوں اور جموں و کشمیر کو اس بحران سے نکالنے کے لیے ان کے چہروں پر مسکراہٹ واپس لائیں“۔
انہوں نے کہا کہ چودھری نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 1995 میں نیشنل کانفرنس سے کیا اور ان کی دوبارہ شمولیت سے پارٹی نچلی سطح پر مزید مضبوط ہو گی۔ سابق ایم ایل سی نے نیشنل کانفرنس کا شکریہ ادا کیا اور دوبارہ پارٹی نہ چھوڑنے کا عہد کیا۔
انہوں نے جموں و کشمیر میں ترقی اور امن کی بحالی کے دعووں پر بھارتیہ جنتا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ اپنے دعووں کو بے نقاب کرنے کے لیے بھگوا پارٹی کے رہنماوں کے ساتھ بحث کے لیے تیار ہیں۔