عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// سال 2015 میں کپواڑہ ضلع میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ ایک تصادم میں شدید زخمی ہونے کے بعد گزشتہ آٹھ سالوں سے کومہ میں رہنے والے لیفٹیننٹ کرنل کرنبیر سنگھ نٹ ہفتہ کو جالندھر کے ملٹری ہسپتال میں چل بسے۔
بریگیڈیئر بی اے ڈھلون (ریٹائرڈ) سمیت اعلیٰ فوجی حکام نے لیفٹیننٹ کرنل نٹ کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
لیفٹیننٹ کرنل نٹ نومبر 2015 میں واقعہ کے وقت 160 ٹیریٹوریل آرمی بٹالین (جے اے کے رائفلز) کے سیکنڈ ان کمانڈ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے جبکہ کپواڑہ کے قریب ایک گاوں میں چھپے ملی ٹینٹوں کے خلاف کومبنگ آپریشن کی قیادت کررہے تھے۔
آپریشن کے دوران ان کے چہرے پر خاص طور پر نچلے جبڑے پر شدید چوٹیں آئی تھیں، جب 25 نومبر 2015 کو جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے حاجی ناکہ گاوں میں ایک جھونپڑی میں چھپے ہوئے ایک ملی ٹینٹ نے لائن آف کنٹرول کے قریب اس پر گولی چلا دی۔
سری نگر کے ملٹری ہسپتال اور بعد میں آرمی ریسرچ اینڈ ریفرل ہسپتال نئی دہلی میں ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کیلئے ان کی سرجری کی تھی۔ وہ اصل میں 1998 میں دی بریگیڈ آف گارڈز میں شارٹ سروس کمیشن آفیسر کے طور پر کمیشن حاصل کیا گیا تھا۔ 2012 میں ملازمت سے فارغ ہونے سے قبل انہوں نے 14 سال تک رجمنٹ میں خدمات انجام دیں۔ شارٹ سروس کمیشن آفیسر کی حیثیت سے اپنی خدمات کی تکمیل کے بعد انہوں نے علاقائی فوج میں شمولیت اختیار کی۔