گول میں ڈمپر نے خاتون کو کچل ڈالا، ڈرائیور فرار

زاہد بشیر

گول// ضلع رام بن کے گول چھپرن نالہ کے قریب ایک ڈمپر نے ایک خاتون کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں خاتون کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ حادثہ کے بعد ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ایس ایچ او گول سمیر احمد نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کر لی ہے اور ڈمپر کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کی ٹیمیں گول اور رام بن کی شاہراہوں پر ڈمپر کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ امید ہے کہ جلد ہی ڈمپر کو ڈھونڈ کر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
واقعہ کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔