عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// ضلع مجسٹریٹ جموں سچن کمار ویشیا نے پیر کو یہاں ضلع سطح کی قائمہ کمیٹی برائے سیکورٹی کی میٹنگ میں جموں ضلع کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی کے حالات کا جائزہ لیا۔
میٹنگ میں پاک بھارت سرحد پر واقع علاقوں کے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایس ایس پی جموں ڈاکٹر ونود کمار اور فوج اور نیم فوجی دستوں کے افسران جو میٹنگ کا حصہ بھی تھے، نے سیکورٹی کی صورتحال اور دشمن کی کسی بھی شرارت کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے کی جانے والی تعیناتیوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
ڈی ایم نے سیکورٹی صورتحال اور دشمن قوتوں کی طرف سے دراندازی یا جنگ بندی کی خلاف ورزی کی کوششوں کو روکنے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے دریافت کیا۔ انہوں نے سرحد کی حفاظت اور خطے میں امن و امان کو یقینی بنانے میں سیکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہا۔
ڈی ایم نے سرحدی علاقوں میں ترقی کی اہمیت پر روشنی ڈالی جس میں سرحدی لوگوں کے لیے بہتر رابطہ اور بنیادی سہولیات شامل ہیں کیونکہ لوگوں کو منفرد چیلنجوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرحدی باشندوں کو تمام بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر فراہم کرنے اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ڈی ایم نے ضلعی افسروں کو ہدایت دی کہ وہ سرحدی علاقوں کے پہلے سے طے شدہ دورے کریں تاکہ سیچوریشن اور سرکاری سکیموں کی فراہمی کا مسلسل جائزہ لیا جاسکے اور مقامی عوام کی شکایات اور مطالبات پر رائے لیں۔ افسران سے کہا گیا کہ وہ سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھیں۔
سچن کمار نے زور دے کر کہا کہ حکومت سرحدی شہریوں کے مسائل اور خواہشات کو حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ سرحدی علاقوں میں امن و امان اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں۔ وہاں کے لوگوں کو درپیش متعدد چیلنجوں کے پیش نظر ضلع انتظامیہ سرحدی علاقوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
میٹنگ میں سب ڈویژنل مجسٹریٹس، ایگزیکٹیو انجینئروں کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔