صوبائی کمشنر، ڈی سی سرینگر کا گنڈبل دورہ، کشتی حادثے کے متاثرین سے ملاقات کی

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری اور ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) سرینگر ڈاکٹر بلال محی الدین بھٹ نے بدھ کو سرینگر ضلع کے گنڈبل علاقے کا دورہ کیا جہاں منگل کی صبح دریائے جہلم میں کشتی ڈوبنے سے کم از کم 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
افسران نے متوفین کے لواحقین سے ملاقات کی۔ انہوں نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور سوگواروں سے اظہار یکجہتی کیا۔
اس موقع پر جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپے کا ایکس گریشیا اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر سید احمد کٹاریہ، ایس ڈی ایم ایسٹ مرتضیٰ احمد، تحصیلدار پانتھ چوک مزمل احمد اور ضلع انتظامیہ سرینگر کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
دریں اثنائ، گزشتہ روز کشتی الٹنے کے بعد سے لاپتہ ہونے والے مزید 3 افراد کی لاشوں کی تلاش کیلئے جاری ریسکیو آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا، جسے اب تیز کر دیا گیا ہے۔