اودھم پور کے جنگلی علاقے میں آپریشن تیسرے روز بھی جاری

File Photo

یو این آئی

جموں// اودھم پور ضلع کے بسنت گڑھ جنگلی علاقے میں منگل کو تیسرے روز بھی ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری رہا۔
بتادیں کہ اتوار کی صبح بسنت گڑھ میں ملی ٹینٹوں کی فائرنگ میں ایک وی ڈی جی ممبر جاں بحق ہوا جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض علاقے کو محاصرے میں لے رکھا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ادھم پور کے بسنت گڑھ جنگلی علاقے میں مسلسل تیسرے روز بھی دہشت گرد مخالف آپریشن جاری رہا۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج ، ایس او جی ، سی آر پی ایف کے ساتھ ساتھ پیرا کمانڈوز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس اور فوج کے سینئر آفیسران آپریشن کی از خود نگرانی کررہے ہیں تاہم مفرور ملی ٹینٹوں کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل پایا ہے۔
اے ڈی جی پی جموں آنند جین کا کہنا ہے کہ جنگلی علاقے میں چار سے چھ ملی ٹینٹ موجودہوسکتے ہیں۔
ان کے مطابق دہشت گرددراندازی کے ذریعے اس طرف آنے میں کامیاب ہوئے ہیں جنہیں بڑے پیمانے پر تلاش کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مفرور ملی ٹینٹوں کو بہت جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملی ٹینٹوں کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد وی ڈی جی ممبران نے اتوار کی صبح ادھم پور کے بسنت گڑھ جنگلی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران تاک میں بیٹھے بندو ق برداروں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں ایک وی ڈی جی ممبر جاں بحق ہوا۔