وزیرِ داخلہ امت شاہ کی فرضی ویڈیو پر پولیس تھانہ ماگام میں مقدمہ درج

File Image

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// جموں و کشمیر پولیس نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی مبینہ طور پر ڈیپ فیک ویڈیو کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کی ہے۔
بی جے پی لیڈر الطاف ٹھاکر نے وزیر داخلہ کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر ایک سوشل میڈیا صارف کے خلاف پولیس تھانہ ماگام میں شکایت درج کرائی ہے۔
ٹھاکر نے ایف آئی آر میں کہا، “یہ آپ کو مطلع کرنے کے لئے ہے کہ الیاس میر ماگامی عرف ماگامی الیاس کے نام سے ایک شرارتی شخص نے وزیرِ داخلہ امت شاہ کا ایک ڈب شدہ اور فرضی ویڈیو اپ لوڈ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مرکز جموں و کشمیر میں ایس سی اور ایس ٹی لوگوں کے ریزرویشن کو ختم کرنے جا رہا ہے، جو سراسر بے بنیاد اور حقائق سے دور ہے”۔
ٹھاکر نے شکایت میں کہا، “میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ براہ کرم اس شخص کے خلاف تیزی سے کارروائی کریں اور غلط معلومات پھیلانے کے الزام میں اسے گرفتار کریں کیونکہ یہ عمل جموں و کشمیر کے ایس سی اور ایس ٹی کمیونٹی کی ناراضگی اور احتجاج کو جنم دینے کی صلاحیت رکھتا ہے”۔

Click here to follow Kashmir Uzma on WhatsApp
پولیس ترجمان نے بتایا کہ شکایت کے بعد پیر کو پولیس تھانہ ماگام بڈگام میں تعزیرات ہند کی دفعہ 505 (2) (عوامی فساد پھیلانے والے بیانات) اور 171 جی (الیکشن کے سلسلے میں جھوٹا بیان) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق، یہ قابل اعتماد طور پر معلوم ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس میں مرکزی وزیر داخلہ کی جعلی/ڈاکٹرڈ ویڈیو تھی، جس کا مقصد کمیونٹیز اور معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان بدامنی پیدا کرنے کے لیے گمراہ کن معلومات پھیلانا تھا۔
ایف آئی آر میں لکھا گیا کہ تفتیش شروع کر کے سب انسپکٹر کو سونپی گئی ہے۔