یو این آئی
جموں//یکم جولائی سے شروع ہونے والی سالانہ شری امر ناتھ جی یاترا کو پر امن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئے سیکورٹی کے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر کی تاریخ میں پہلی بار امر ناتھ یاترا کے دوران فورسز اہلکاروں کو جدید اسلحہ اور مشینری سے لیس کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سانبہ میں بین الاقوامی سرحد سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر امتناعی احکامات نافذ کرنے کے احکامات صادر کئے گئے۔
اطلاعات کے مطابق سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر امسال سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ حساس علاقوں جہاں پر ملی ٹینٹ حملوں کے خدشات لاحق رہتے ہیں وہاں پر جدید مشینری کو نصب کیاگیا۔
ان کا کہنا ہے کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے دوران اس بار متعدد ڈرونز کے ذریعے بھگوٹی نگر جموں سے لے کر پوترا گھپتا تک چوبیس گھنٹے نگرانی رکھی جائے گی تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔
معلوم ہوا ہے کہ درجنوں ڈرونز امر ناتھ یاتریوں کی نقل وحرکت پر نظر گزر رکھیں گے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے سینئر آفیسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر امر ناتھ یاترا کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات کے بارے میں مرکزی وزارت داخلہ کو جانکاری فراہم کریں۔
جموں کے سرحدی علاقوں میں پہلے ہی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے اور مقامی لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ مشتبہ شئے کے بارے میں وہ فوری طورپر نزدیکی پولیس اسٹیشن کے ساتھ رابط قائم کرئے تاکہ جنگجووں کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔
دریں اثنا امر ناتھ یاترا کے پیش نظر سانبہ کے سرحدی علاقے میں شبانہ کرفیو نافذ کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ سانبہ ابھیشیک شرما نے سرحدی ضلع میں سی آر پی سی کی دفعہ 144کے تحت بین الاقوامی سرحد سے ایک کلومیٹرکے فاصلے پر امتناعی احکامات نافذ کرنے کا حکم دیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ امتناعی حکم دو ماہ کی مدت تک نافذ رہے گا۔
سیکورٹی خدشات کے پیش نظر حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ رات کے وقت دس بجے سے صبح چار بجے تک سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ ایک کلومیٹر تک کے علاقوں میں کوئی بھی شخص حرکت نہیں کرئے گا تاہم اگر نقل وحرکت ضروری ہو تو اس صورت میں بی ایس ایف اور مقامی پولیس کے ساتھ رابط قائم کیا جاسکتا ہے۔