عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// محکمہ موسمیات نے منگل کو کہا کہ جموں میں اگلے سات دنوں تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔
جموں میں پیر کو زیادہ سے زیادہ 43.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت معمول کے قریب 25 ڈگری سیلسیس رہا۔ یہ خطہ گزشتہ ایک ہفتے سے شدید گرمی کی لہر کا شکار ہے، 16 مئی سے درجہ حرارت مسلسل 40 ڈگری سیلسیس سے اوپر درج کیا جا رہا ہے۔
محکمہ کی طرف سے جاری کردہ ایک ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ جموں صوبہ کے میدانی علاقوں میں اگلے سات دنوں کے دوران شدید گرمی اور خشک موسمی حالات میں کوئی مہلت نہیں ملے گی۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ 30 مئی سے 2 جون تک کشمیر صوبہ کے زیادہ تر حصوں اور جموں صوبہ کے کچھ پہاڑی علاقوں میں ممکنہ معمولی راحت ملے گی۔ شدید گرمی کی لہر کا ایک اور مرحلہ 3 سے 5 جون تک واپس آنے کا امکان ہے۔
مسلسل گرمی کی لہر کے پیش نظر محکمہ نے رہائشیوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے عہدیدار ایس سی شرما نے کہا، “لوگوں کو نقصان دہ تابکاری کے زیادہ پھیلاو کی وجہ سے 12 سے 3 بجے کے درمیان باہر جانے سے گریز کرنا چاہئے۔ اگر ضروری ہو تو، وہ پانی لے جائیں، اپنے سر کو ڈھانپیں، اور ہیٹ ویو کے اثرات کو کم کرنے کیلئے ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں”۔
شرما نے کہا کہ بزرگ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ٹھنڈے ماحول میں گھر کے اندر رہیں اور دن میں سخت سرگرمیوں سے بچنے کیلئے گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔
شرما نے کہا، “جموں میں درجہ حرارت عام طور پر 15 مئی سے 15 جون کے درمیان 40 سے 45 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہتا ہے۔ تاہم، آنے والے دنوں میں یہ اور بھی بڑھ سکتا ہے”۔