یو این آئی
نوادہ// وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کانگریس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹکڑے ٹکڑے گینگ کی زبان بول رہی ہے اور کہہ رہی ہے کہ راجستھان یا ملک کے دیگر حصوں کے لوگوں کا جموں و کشمیر میں دفعہ 370 ہٹانے سے کیا واسطہ ہے؟
نوادہ پارلیمانی حلقہ سے انتخاب لڑنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار وویک ٹھاکر کے حق میں اتوار کو ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ کانگریس کے قومی صدر نے راجستھان میں اپنی تقریر کے دوران کہا تھا کہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کو ہٹا نے کا راجستھان یا ملک کے دیگر حصوں سے کیا لینا دینا ہے۔ وزیر اعظم یہاں آکر دفعہ 370 کی بات کیوں کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ان کی یہ بات سن کر انہیں شرم آئی۔ کیا جموں و کشمیر ہمارا نہیں؟
مسٹر مودی نے سخت لہجے میں کہا کہ کانگریس والے سن لیں اور سمجھ لیں جموں و کشمیر ہندوستان کا حصہ ہے اور ہمیں اس کی حفاظت کرنی ہے۔ بہار، راجستھان اور ملک کے دیگر حصوں کے بہت سے نوجوانوں نے مادر وطن کی حفاظت کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ جموں و کشمیر کو بچانے کے لیے کئی بہادر فوجی ترنگے میں لپٹے ہوئے واپس آئے ہیں۔ ایسے شہید فوجیوں کے اہل خانہ سے پوچھنا کہ ان کا دفعہ 370 سے کیا لینا دینا، شرمناک ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ٹکڑے ٹکڑے گینگ کا اثر ہے کہ یہ لوگ (کانگریس) ایسی زبان بولنے لگے ہیں۔ ایسی زبان بولنے اور شہیدوں کی توہین کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی اتحاد کے لوگ ہندوستان کی ایک اور تقسیم کی بات کرتے ہیں۔ کانگریس کے ایک لیڈر کھلے عام کہہ رہے ہیں کہ وہ جنوبی ہندوستان کو الگ کر دیں گے۔ عوام اس الیکشن میں ایسی سوچ رکھنے والی جماعت کو ضرور سبق سکھائیں گے۔