عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// کانگریس پر سخت حملہ کرتے ہوئے، وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک کی عظیم پرانی پارٹی “بدعنوان” ہے، جس کے دورِ حکومت میں ملک ترقی نہیں کر پایا۔
وزیر اعظم نے اس سال اپریل-مئی میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے پہلے آج کہا، “کانگریس بدعنوان جماعت ہے؛ یہ مستقبل کے بارے میں نہیں سوچ سکتا؛ بھارت کانگریس کے دورِ حکومت میں ترقی کی منازل طے کرنے میں ناکام رہا”۔
وزیرِ اعظم مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ’وکشت بھارت وکشت راجستھان‘ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے مزید کہا، “آزادی کے بعد، آج یہ سنہری دور آیا ہے۔ بھارت کے پاس 10 سال پہلے کی تمام مایوسیوں کو پیچھے چھوڑنے کا یہ موقع ہے۔ بھارت اب اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ 2014 سے پہلے صرف گھوٹالوں اور بم دھماکوں کے چرچے ہوتے تھے۔ بھارت میں لوگ سوچتے تھے کہ ان کا اور ملک کا کیا ہوگا۔ کانگریس کے دور حکومت میں یہی ماحول تھا…“
اُنہوں نے کہا، ”کانگریس کا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے، مودی مخالف، مودی مخالف۔ وہ مودی کے خلاف ایسی باتیں پھیلاتے ہیں جس سے سماج تقسیم ہوتا ہے۔ جب کوئی جماعت اقربا پروری اور خاندانی سیاست کے چکر میں پھنس جاتی ہے تو اس کا بھی یہی حال ہوتا ہے۔ آج ہر کوئی کانگریس چھوڑ رہا ہے، وہاں صرف ایک خاندان نظر آرہا ہے“۔
انہوں نے 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کا شاندار استقبال کرنے پر راجستھان کے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
راجستھان میں پچھلی کانگریس حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے، پی ایم نے کہا، “راجستھان میں پچھلی حکومت کے دور میں، اکثر پیپر لیک ہوتے تھے، اور نوجوان اس سے متاثر ہوتے تھے۔ اس کی تحقیقات کے لیے بی جے پی کے اقتدار میں آتے ہی ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔ مرکزی حکومت نے پیپر لیک کرنے والوں کے خلاف سخت قانون بنایا ہے”۔
مودی نے کہا، “راجستھان کی ہر اسمبلی سے کئی لوگ اس اہم پروگرام میں شامل ہوئے ہیں، میں آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں… کچھ دن پہلے، جے پور میں آپ نے فرانس کے صدر کا جو شاندار استقبال کیا، اس کی گونج پورے ہندوستان اور فرانس میں سنائی دی…”
پروگرام کے دوران وزیر اعظم نے 17,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔
وزیراعظم کے دفتر کے ایک بیان کے مطابق یہ منصوبے سڑکوں، ریلوے، شمسی توانائی، بجلی کی ترسیل، پینے کا پانی اور پٹرولیم اور قدرتی گیس سمیت کئی اہم شعبوں کو پورا کرتے ہیں۔
یہ پروگرام راجستھان کے تمام اضلاع میں تقریباً 200 مقامات پر منعقد کیا گیا، جس کا مرکزی پروگرام جے پور میں منعقد ہوا۔ ریاست گیر پروگرام میں مختلف سرکاری اسکیموں کے لاکھوں استفادہ کنندگان کی شرکت دیکھی گئی۔ اس پروگرام میں چیف منسٹر راجستھان، راجستھان حکومت کے دیگر وزراء، ایم پیز، ایم ایل ایز اور مقامی سطح کے نمائندے بھی شامل تھے۔