عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ویشو نالہ کے علاقے سے جمعرات کی صبح ایک خانہ بدوش نوجوان کی لاش برآمد ہوئی، جو گزشتہ ایک ماہ سے لاپتہ تین خانہ بدوشوں میں شامل تھا۔
متوفی کی شناخت ریاض احمد باجڑ کے طور پر ہوئی ہے، جو دیوسر کے چندیان پاجن علاقے کا رہائشی تھا۔ وہ ان تین خانہ بدوشوں میں شامل تھا جو 13 فروری 2025 سے لاپتہ تھے، جس کے بعد ان کے اہل خانہ نے قاضی گنڈ پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔
مقامی لوگوں نے آج صبح مہ علاقے میں ویشو نالہ کے قریب لاش دیکھی اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے لاش کو مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ پولیس نے موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ قاضی گنڈ کے علاقے سے تعلق رکھنے والے تین خانہ بدوش مزدور، جن میں دو بھائی بھی شامل ہیں، گزشتہ ایک ماہ سے لاپتہ تھے۔