محمد تسکین
بانہال//جموں سرینگر فورلین قومی شاہراہ کی تعمیر کے دوران حفاظتی دیواریں نہ لگانے کی وجہ سے رتن باس بانہال کی گوجر بستی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے اور زمین کے کھسکنے کی وجہ سے کئی رہائشی مکانوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔
زمین کھسکنے کے بعد ڈر اور خوف کے مارے گوجر بستی رتن باس کے لوگوں نے برستی بارش میں گھروں سے باہر آکر جموں سرینگر قومی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرے کئے۔ انہوں نے انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ دو سالوں سے شاہراہ کے پچھلی طرف رتن باس کی گوجر بستی کو بچانے کیلئے حفاظتی دیواروں کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں لیکن ان کی کوئی سنوائی نہیں کی گئی ہے اور اب بارشوں کی وجہ سے پوری بستی نیچے سڑک کی طرف کھسک رہی ہے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری سے اس معاملے کی طرف توجہ دینے اور تعمیراتی کمپنی کو حفاظتی دیواریں تعمیر کرنے کا حکم دیں تاکہ لوگوں کے مکانوں کو بچایا جا سکے۔