غلام نبی آزاد اننت ناگ-راجوری لوک سبھا حلقہ سے الیکشن نہیں لڑیں گے

File Photo: Amaan Farooq

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے چیئرمین غلام نبی آزاد جموں و کشمیر کی اننت ناگ-راجوری سیٹ سے لوک سبھا انتخابات نہیں لڑیں گے۔
ڈی پی اے پی کے صوبائی صدر کشمیر محمد امین بھٹ نے کہا کہ پارٹی نے اب اپنے لیڈر محمد سلیم پرے کو اس سیٹ سے اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی اور نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر میاں الطاف اننت ناگ-راجوری پارلیمانی سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
بھٹ نے اننت ناگ میں نامہ نگاروں کو بتایا، “آزاد انتخابات (اننت ناگ-راجوری سیٹ سے) نہیں لڑیں گے”۔
اُنہوں نے کہا، “آزاد کے ساتھ ایک میٹنگ ہوئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایڈوکیٹ سلیم پرے اننت ناگ-راجوری سیٹ کے لیے ڈی پی اے پی کے امیدوار ہوں گے”۔
ڈی پی اے پی لیڈر نے کہا کہ آزاد کے پاس مقابلہ نہ کرنے کی کچھ وجوہات ہیں، تاہم پارٹی نے کوئی واضح وجہ نہیں بتائی۔
بھٹ نے کہا، “اُنہوں نے (میٹنگ میں) کچھ وجوہات بتائی اور پھر ہم نے پرے کو سیٹ سے اتارنے کا فیصلہ کیا”۔
2 اپریل کو، ڈی پی اے پی نے اعلان کیا کہ آزاد اننت ناگ-راجوری سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔
ڈی پی اے پی کے رہنما تاج محی الدین نے کہا، “آج ڈی پی اے پی کی کور کمیٹی کی میٹنگ ہوئی اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ (پارٹی صدر) غلام نبی آزاد اننت ناگ-راجوری سیٹ سے الیکشن لڑیں گے”۔