عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے جمعرات کے روز ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے ایم ایل اے معراج ملک کے خلاف دائر پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کیس کی سماعت کی، تاہم عدالت نے معاملے کو ملتوی کرتے ہوئے اگلی سماعت کے لیے 27 دسمبر 2025 کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق آج کی سماعت کے دوران عدالت میں ایک فریق کے دلائل مکمل کیے گئے، جبکہ دوسرے فریق کو اپنے دلائل پیش کرنے کے لیے مزید وقت دیا گیا ہے۔ عدالت نے فریقین کے موقف کو سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ پر کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ کیس حتمی سماعت کے مرحلے میں ہے، تاہم گزشتہ کچھ عرصے کے دوران مختلف وجوہات کی بنا پر اس میں متعدد بار التوا ہو چکا ہے، جس کے باعث معاملہ تاحال کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکا۔دوسری جانب، ایم ایل اے معراج ملک کے حامیوں، ووٹروں اور سیاسی حلقوں میں کیس کے فیصلے کو لے کر بے چینی پائی جا رہی ہے۔ حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں کہ آئندہ سماعت کے دوران کیس کسی منطقی انجام تک پہنچے گا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اس کیس کا فیصلہ نہ صرف معراج ملک کے سیاسی مستقبل بلکہ ڈوڈہ ضلع کی سیاسی صورتحال پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔ اب تمام نظریں 27 دسمبر کو ہونے والی سماعت پر مرکوز ہیں، جب عدالت میں بقیہ فریق کے دلائل سنے جائیں گے۔
رُکن اسمبلی ڈوڈہ معراج ملک پی ایس اے کیس : اگلی پیشی 27 دسمبر کو