سری نگر// اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کے ترقیاتی ایجنڈے کو جموں وکشمیر کے سبھی خطوں کی حمایت حاصل ہے۔
جموں میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری نے کہاکہ جموں وکشمیر میں جلدازجلد اسمبلی چناو ہونے چاہئے۔
اپنی پارٹی صدر کا کہناتھا”ہم سبھی خطوں کی ہمہ جہت ترقی کے لئے پالیسی لاگو کریں گے۔ متعصبانہ فنڈز تقسیم کاری کی وجہ سے لوگوں کو امتیاز کا سامنا رہا ہے۔
آج بھی کئی اہم پروجیکٹ زیر تکمیل ہیں اور انتظامیہ پیدل پلوں، سڑک رابطہ، صحت مراکزکی حالت خستہ ہے جبکہ اسکولوں اور اسپتالوں میں عملہ دستیاب نہیں“۔
اس دوران انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیاکہ اپنی پارٹی لیڈر پارٹی کی ترقیاتی پالیسی کو لوگوں تک پہنچانے میں کامیاب رہے ہیں جس وجہ سے زیادہ سے زیادہ لوگ ہماری جماعت کا حصہ بن رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا”ہم دونوں خطوں کے لوگوں کو ایکساتھ لانا چاہتے ہیں، سیاحتی شعبہ کی ترقی کے ساتھ اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ جموں اور کشمیر کے درمیان ثقافتی رابطے ناگزیر ہیں جس سے مختلف طبقہ جات کے درمیان بھائی چارہ مضبوط ہوگا۔ لہٰذا دوبار روایت کی بحالی ان تعلقات کو دوبارہ سے قائم کرنے اور جموں وسرینگر میں کاروبار کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہوگی“۔
انہوں نے جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرنے میں ہورہی تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ، البتہ وزیر اعظم نریندر مودی سے امید جتا ئی کہ وہ جلد وعدہ وفا کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ میں پر امید ہوں کہ وزیر اعظم اپنے وعدے کو وفا کریں گے اور جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کے جایں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہاں ایل جی انتظامیہ کی وجہ سے لوگ مایوسی کا شکار ہیں۔ لوگوں کے مسائل پر ہر ضلع میں انتظامیہ کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ لہٰذا بڑھتے عوامی مسائل کے ازالہ کے لئے منتخب حکومت ضروری ہے“۔
انہوں نے یقین دلایا کہ اگر اپنی پارٹی نے جموں وکشمیرمیں اگلی سرکار بنائی تو وہ سبھی خطوں کی یکساں ترقی یقینی بنائے گی اور متعلقہ ضلع کی ضرورت کے مطابق فنڈز تقسیم کئے جائیں گے تاکہ پسماندگی اور کم ترقی کے مسئلہ کو حل کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے دیہی علاقوں میں ڈھانچہ کی ترقی اپنی پارٹی کی سرفہرست ترجیحی رہے گی۔
جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد ناگزیر: الطاف بخاری