عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے سندر بنی سیکٹرمیں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تعینات فوجی اہلکاروں نے بدھ کی صبح مشتبہ نقل و حرکت دیکھنے کے بعد فائرنگ کی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا: ‘سندر بنی سیکٹر میں اگلے علاقوں میں تعینات فوجی جوانوں نے مشکوک نقل و حمل دیکھنے کے بعد مختصر فائرنگ کی’۔انہوں نے کہا: ‘سرحد کے نزدیک دہشت گردوں کے سرگرم ہونے کا خدشہ ہے تاہم وہاں تعینات فوجی جوان کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں’۔
قابل ذکر ہے کہ ضلع پونچھ کے گل پور سیکٹر میں ایل او سی پر جوانوں نے 16 فروری کو پاکستانی فوج کی فائرنگ کا بھر پور جواب دیا تھا جبکہ 14 فروری کو اکھنور سیکٹر میں مبینہ طور پر سر پار سے کی جانے والی ایک سنپر گولی میں ایک جوان زخمی ہوا تھا۔10 فروری کو راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں ایک جوان مبینہ طور پر سرحد پار سے کی جانے والی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا جبکہ 8 فروری کو راجوری میں ہی ایل او سی پر جوانوں نے مشتبہ ملی ٹنٹوں کی فائرنگ کا بھر پور جواب دیا تھا۔
پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں 4 اور 5 فروری کی درمیانی شب ملی ٹنٹوں کی در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا گیا تھا۔دریں اثنا جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی جس میں انہوں نے تازہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔