عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// پونچھ میں جاری انسداد ملی ٹینسی آپریشن کے درمیان فوج کے سربراہ جنرل منوج پانڈے پیر کو جموں خطے میں سیکورٹی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے جموں پہنچے۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ چیف آف آرمی سٹاف جموں پہنچے اور بعد میں، فورس کی آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے راجوری-پونچھ سیکٹر کے لیے روانہ ہوئے۔
جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف، شمالی کمان لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی، جموں میں واقع وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل سندیپ جین اور سینئر سول انتظامیہ اور پولیس افسران راجوری اور پونچھ کے جڑواں اضلاع میں موجود ہیں۔
جمعرات کو پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں دھیرہ کی گلی اور بفلیاز کے درمیان دھتیار موڑ پر دہشت گردوں کی طرف سے فوج کی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کرنے کے بعد 4 فوجی اہلکاروں کی موت ہو گئی۔
حملے کے بعد فوج نے 27 سے 42 سال کی عمر کے تین شہریوں کو مبینہ طور پر پوچھ گچھ کے لیے اٹھایا۔ وہ 22 دسمبر کو مردہ پائے گئے، جس کے بعد حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں۔ حکام نے بتایا کہ حملے کے مقام کے قریب بڑے پیمانے پر تلاشی مہم جاری ہے، جس میں قریبی راجوری ضلع ، سرنکوٹ اور تھنہ منڈی کے جنگلاتی علاقوں میں بھی تلاشی شروع کی گئی۔
ادھر پونچھ اور راجوری میں موبائل انٹرنیٹ مسلسل تیسرے دن بھی معطل ہے۔