عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں پولیس اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس نے ایک بروقت اور منظم ریسکیو آپریشن کے دوران دریائے توی کے پھلائیں منڈال علاقے میں پانی کے تیز بہاؤ میں پھنسے دو افراد کو بحفاظت بچا لیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق، فرمان علی ولد بشیر احمد ساکن الورہ اور فاروق احمد ولد علی حسین ساکن سوہنجنا صبح کے وقت اپنے مویشیوں کو چرانے کے لیے دریائے توی کے قریب گئے تھے۔ اس دوران دریا میں اچانک پانی کی سطح بلند ہوگئی جس کے باعث دونوں افراد دریا کے وسط میں پھنس گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس پوسٹ پھلائیں منڈال نے فوری طور پر پی سی آر جموں کے ذریعے ایس ڈی آر ایف کو مطلع کیا۔ ایس ڈی پی او سٹی ساؤتھ، انچارج پولیس پوسٹ پھلائیں منڈال، پولیس اہلکاروں اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
کافی دیر تک جاری رہنے والی محتاط اور منظم کوششوں کے بعد دونوں افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ خوش قسمتی سے دونوں کو کوئی چوٹ نہیں آئی اور بعد ازاں انہیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔جموں پولیس نے ریسکیو آپریشن میں شامل تمام ٹیموں کی بروقت کارروائی، پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی کوششوں کے باعث دونوں افراد کی جانیں محفوظ رہیں۔ حکام کے مطابق علاقے میں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
جموں پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی بروقت کارروائی، دریائے توی میں پھنسے دو افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا