ڈوڈہ و کشتواڑ میں بجلی نظام متاثر، درجنوں دیہات 12گھنٹوں سے تاریکی میں
اشتیاق ملک
ڈوڈہ// ضلع ڈوڈہ اور کشتواڑ میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث 220کے وی بجلی ترسیلی نظام اور 15میگاواٹ چوہدری پاور پروجیکٹ دوندی کو نقصان پہنچنے سے دونوں اضلاع میں بجلی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔گزشتہ تقریباً 12گھنٹوں سے درجنوں دیہات گھپ اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں، جبکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے بجلی بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ذرائع کے مطابق موسلادھار بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث بجلی کے ترسیلی نظام کو متعدد مقامات پر نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔بجلی بند ہونے سے گھریلو صارفین، تجارتی سرگرمیاں، سرکاری و نجی ادارے اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوئے، جبکہ لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔محکمہ بجلی کے حکام کا کہنا ہے کہ تکنیکی عملے کو متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دیا گیا ہے اور خراب شدہ لائنوں و آلات کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ موسم سازگار رہنے کی صورت میں بجلی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کر دی جائے گی۔ ادھر متاثرہ علاقوں کے عوام نے محکمہ بجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی جلد از جلد مکمل بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ معمولاتِ زندگی دوبارہ بحال ہو سکیں۔