بلال فرقانی
سرینگر//سرینگر میں پیر کو ہونے والی موسلا دھار بارش نے دوسرے روز بھی سمارٹ سٹی کے بلند بانگ دعوئوں کی قلعی کھول دی کیونکہ تقریباً شہر کے سبھی سیول لائنز علاتے اور پائین شہر کے متعدد علاقے بھی پانی میں ڈوب گئے۔پیر کی صبح دو گھنٹوں تک لگاتار بارش ہوئی اور شہر سرینگر کے علاقے جھیل بن گئے۔ لالچوک، ڈلگیٹ، بلیوارڈ، مائسمہ،لالچوک ، جہانگیر چوک، خانیار،بابہ ڈیمب،بٹہ مالو،،بچھوارہ، سیول سیکریٹریٹ،ہری سنگھ ہائی سٹریٹ، گونی کھن، اور بلیوارڈ روڑ کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے یہاں تالاب بن گئے اور ہر قسم کی آمد و رفت بند ہوگئی۔شہر کی سڑکوں نے تالابوں اور جھیلوں کا رخ اختیار کیا اور ہر سو پانی ہی پانی جمع نظر آرہا تھا۔سڑکوں اور بازاروں میںدوپہر تک پانی جمع رہا، اور بیشتر علاقوں کیں پانی دکانوں میں گھس گیا جس سے دکانداروں کو لاکھوں کا نقصان ہوا۔ڈل جھیل کے کنارے واقع بلیوارڈ روڈ، جو سرینگر کی مصروف ترین سیاحتی شاہراہ ہے، مکمل طور پر زیر آب آگئی۔ اسی طرح کی صورتحال مائسمہ اور اسکے آس پاس علاقوں کی تھی۔جہانگیر چوک مکمل طور پر جھیل کا نظارہ پیش کررہا تھا جہاں آر پار پانی کئی فٹ تک جمع ہوگیا تھا۔
اسکے نتیجے میں سیکریٹریٹ اور بٹہ مالو میں قائم پولیس کنٹرول روم بھی زیر آب آگیا۔بٹہ مالو بس سٹینڈ میں بھی پانی جمع ہوا تھا۔شہر کے سیول لائنز علاقوں میں بارش کا پانی متعدد گھروں، دکانوں، ہوٹلوں اور ریستورانوں میں داخل ہوگیا، جس سے املاک اور تجارتی سامان کو نقصان پہنچا اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔ پائین شہر میں نالہ مار کے ارد گرد علاقوں میں بری صورتحال دیکھی گئی۔اخوان چوک، بر بر شاہ نالہ مار روڑ،بابہ ڈیمب راجوری کدل روڑ مکمل طور پر زیر آب تھے۔خانیار کے کئی علاقے بھی پانی میں ڈوب گئے تھے۔ادھر عید گاہ اور شہر کے چند پائین علاقوں میں بھی پانی جمع ہوا تھا جبکہ جے وی سی ہسپتال بھی ڈوبا ہواتھا۔۔اتوار کی صبح صرف 15منٹ کی بارش ہوئی اور سمارٹ سٹی ڈوب گئی اور پیر کی صبح 2گھنٹے کی بارش ہوئی اور شہر کے سیول لائنز کا20 فیصد علاقہ ڈوب گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سمارٹ سٹی منصوبے پر بھاری سرمایہ کاری کے باوجود شہر کے متعدد علاقے ہر بار شدید بارش کے بعد زیر آب آجاتے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سرینگر میں 45.6 ملی میٹر، گاندربل میں 46 ملی میٹر، سوپور میں 55.4 ملی میٹر، پانپورمیں 21.5 ملی میٹر، بڈگام میں 15 ملی میٹر، بانڈی پورہ میں 10.5 ملی میٹر، گلمرگ میں 8.2 ملی میٹر جبکہ پہلگام میں 3.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔سرینگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کی افادیت پرسوال کھڑے کر دیے ہیں۔ شہری بنیادی ڈھانچے میں نمایاں سرمایہ کاری کے باوجود، اہم سڑکیں اور تجارتی علاقے شدید بارش کے بعد سیلاب کی نذر ہو رہے ہیں۔