محمد بشارت
بدھل//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر رہنما محمد فاروق انقلابی نے بدھل۔مہور سڑک پر سنگریلی ڈھنڈوٹ سمیت تمام خطرناک مقامات پر ڈبلیو بیم (W-Beam) کریش بیریئرز کی فوری تنصیب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑک پر مناسب حفاظتی انتظامات کا فقدان مسلسل قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہا ہے۔انہوں نے گزشتہ روز سنگریلی ڈھنڈوٹ کے مقام پر پیش آنے والے المناک سڑک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے نوجوان گگن دیپ سنگھ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حادثے کے مقام پر حفاظتی کریش بیریئرز نصب ہوتے تو ممکن تھا کہ یہ قیمتی جان بچائی جا سکتی۔محمد فاروق انقلابی نے کہا کہ اس افسوسناک حادثے نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ بدھل۔مہور سڑک پر حفاظتی انتظامات انتہائی ناکافی ہیں اور اس مسئلے کو مزید نظر انداز کرنا انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس سڑک پر متعدد ایسے مقامات موجود ہیں جہاں ذرا سی غفلت بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے فوری حفاظتی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔انہوں نے 110 آرسی سی گریف بدھل کے متعلقہ افسران سے مطالبہ کیا کہ وہ بدھل۔مہور سڑک پر تمام حادثاتی اور حساس مقامات کی فوری نشاندہی کریں اور متعلقہ تعمیراتی کمپنی کو بلا تاخیر ڈبلیو بیم کریش بیریئرز نصب کرنے کی ہدایات جاری کریں۔ اس کے علاوہ خطرناک موڑوں پر وارننگ سائن بورڈز، ریفلیکٹرز، حفاظتی نشانات اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، اس لیے مزید قیمتی جانوں کے ضیاع سے قبل مؤثر، فوری اور مستقل حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ عوام محفوظ سفر کر سکیں۔