محتشم احتشام
پونچھ// ضلع پونچھ میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں، خصوصاً کم سن بچوں کے لیے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ اس حساس مسئلے پر اس سے قبل بھی متعدد واقعات اور عوامی شکایات کو اجاگر کیا جا چکا ہے، تاہم صورتحال میں خاطر خواہ بہتری نہ آنے کے باعث شہریوں میں تشویش مسلسل بڑھ رہی ہے۔بدھ کے روز محلہ اعلیٰ پیر میں آوارہ کتوں کے ایک غول نے گلی میں کھیلتے ہوئے چھوٹے بچوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ خوش قسمتی سے بچوں کے والدین موقع پر موجود تھے، جنہوں نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے بچوں کو محفوظ بنا لیا۔
مقامی افراد کے مطابق اگر والدین بروقت نہ پہنچتے تو کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔اس سے ایک روز قبل بھی مقامی چوک میں ایک آوارہ کتے نے ایک کم سن بچے پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جس کے بعد علاقے کے مکینوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اب بچوں کو تنہا گھر سے باہر بھیجنا بھی خطرے سے خالی نہیں رہا، جبکہ آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد گلیوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں عام لوگوں کے لیے بھی مستقل خطرہ بن چکی ہے۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کی روک تھام، ویکسینیشن، نس بندی اور محفوظ منتقلی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر متعلقہ ادارے کے پاس مطلوبہ وسائل یا تربیت یافتہ عملہ موجود نہیں تو حکومت سے فوری بنیادوں پر یہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انسانی جانوں، خصوصاً معصوم بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔عوام نے خبردار کیا کہ اگر بروقت عملی اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت کوئی بڑا اور افسوسناک واقعہ پیش آ سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔