عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شہدا کے قبرستان تک رسائی کو روکنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرنے سے روک رہے ہیں وہ “چند دنوں کے مہمان” ہیں، لیکن شہدا لازوال ہیں۔ عبداللہ نے نامہ نگاروں سے کہا، “جن لوگوں نے آج ہمیں شہدا کے قبرستان میں جانے کی اجازت نہیں دی، وہ کچھ دنوں کے مہمان ہیں، وہ کل یہاں نہیں ہوں گے۔ لیکن شہدا کی قبریں، وہ یہاں تھیں، وہ یہیں ہیں، اور ہمیشہ رہیں گی۔” 13 جولائی 1931 کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پارٹی کے صدر فاروق عبداللہ سمیت این سی کے سینئر قائدین پارٹی ہیڈکوارٹر میں جمع ہوئے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوگ دوبارہ شہدا کے قبرستان کا دورہ کریں گے، آج نہیں تو کل پھر وہاں جائیں گے، وہاں پھول چڑھائیں گے اور شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کریں گے۔13 جولائی 1931 کو ڈوگرہ فوج نے سری نگر کی سینٹرل جیل کے باہر 22 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔2020 میں، انتظامیہ نے اس دن کو گزٹیڈ تعطیلات کی فہرست سے خارج کر دیا۔
عبداللہ نے کہا کہ یہ لوگ آمرانہ حکمرانی کے مقابلے میں جمہوریت کے لیے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔”کاش شہدا قبرستان کو بند کرنے کا فیصلہ لینے والوں نے جموں و کشمیر کی تاریخ پڑھی ہوتی، وہ سمجھ جاتے کہ اس فیصلے سے انہوں نے ان تمام لوگوں کی قربانیوں کو نظر انداز کر دیا ہے جنہوں نے برطانوی راج کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔”وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج شہدا کی قربانیوں کو مذہب کے تنگ پیمانے پر تولا جا رہا ہے۔ “ان کی شہادت کو صرف اس لیے نظر انداز کیا جا رہا ہے لیکن، ان کی لڑائی مذہب کے بارے میں نہیں تھی، یہ اصولوں کی تھی، یہ جمہوریت کی لڑائی تھی۔ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ یہ انگریزوں سے آزادی کی لڑائی تھی۔”عبداللہ نے کہا کہ یہ ان لوگوں کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگاتا ہے جو دعوی کرتے ہیں کہ جموں و کشمیر میں حالات معمول پر ہیں، ایک طرف ہمیں بتایا جاتا ہے کہ سب کچھ نارمل ہے، لیکن جب ہم فیصلے کو دیکھتے ہیں تو کچھ بھی نارمل نظر نہیں آتا،” ۔