عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی// خام تیل کی قیمتوں میں اضافے نے بھارتی روپے پر دبائو بڑھا دیا، جس کے نتیجے میں پیر کو روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 27 پیسے گر کر 95.65 (عارضی)پر بند ہوا۔انٹربینک فارن ایکسچینج مارکیٹ میں روپیہ 95.72 کی سطح پر کھلا اور کاروبار کے دوران 95.58 سے 95.86 کے درمیان رہا، تاہم اختتام پر 95.65 پر بند ہوا۔ جمعہ کو روپیہ 9 پیسے مضبوط ہو کر 95.38 پر بند ہوا تھا۔
فاریکس ماہرین کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان ڈرون اور میزائل حملوں کے نئے سلسلے سے عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی کے خدشات بڑھ گئے، جبکہ خام تیل کی بلند قیمتوں اور مضبوط امریکی ڈالر کے باعث سرمایہ کے اخراج نے بھی روپے کو کمزور کیا۔میراے ایسیٹ شیئرخان کے ریسرچ اینالسٹ انوج چودھری نے کہا کہ ہفتے کے اختتام پر امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے باعث روپیہ دبائو میں آیا۔، تاہم مقامی شیئر بازار میں بہتری اور خام تیل کی قیمتوں میں دن کے دوران معمولی نرمی سے روپے نے کچھ خسارہ پورا کیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر خطرات کے باعث روپے پر منفی دبا برقرار رہ سکتا ہے، البتہ اگر سفارتی کوششوں سے کشیدگی میں کمی آتی ہے تو روپے کو نچلی سطح پر سہارا مل سکتا ہے۔ ان کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں روپے کی فوری تجارت 95.40 سے 96.00 کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔