ایجنسیز
ٹیکساس/ٹیکساس کے میدان پر ہونے والا یہ مہا ٹکراؤ محض دو ٹیموں کا نہیں، بلکہ یورپ کے دو مایہ ناز فٹ بال آئیکونز کی بالادستی کی جنگ ہے، جہاں ایک طرف پختگی کا عزم ہے تو دوسری طرف جوانی کا جوش۔جب فرانس کے اسٹار اسٹرائیکر اور کپتان کلین ایمباپے نے 2018 کے ورلڈ کپ فائنل میں کروشیا کے خلاف گول داغ کر اپنی ٹیم کو چیمپئن بنایا تھا، تو ان کی عمر محض 19 سال تھی۔ وہ پیلے کے بعد ورلڈ کپ فائنل میں گول کرنے والے تاریخ کے دوسرے سب سے کم عمر کھلاڑی بنے تھے۔ اب، بدھ کے روز ہونے والے ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں، اسپین کے نوعمر سنسنی خیز کھلاڑی لامین یمال اپنے اسی حریف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کم عمری میں ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ لیکن اس خواب کی تعبیر کے لیے انہیں پہلے ایمباپے کی مضبوط فرانسیسی دیوار کو گرانا ہوگا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں ایمباپے کا ورلڈ کپ سے عشق پرانا ہے، وہیں 19 سالہ لامین یمال اس میگا ایونٹ میں پہلی بار جلوہ گر ہو رہے ہیں۔ تاہم، یمال بڑے اسٹیج پر دھماکے دار کارکردگی دکھانے کا ہنر بخوبی جانتے ہیں۔ یورو 2024 کے سیمی فائنل میں انہوں نے اسی ایمباپے کی فرانس کے خلاف ایک سحر انگیز گول کر کے اسپین کو 2-1 سے فتح دلائی تھی، اور بعد میں ٹورنامنٹ کے بہترین نوجوان کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔
اب ارلنگٹن (ٹیکساس) میں ہونے والے سیمی فائنل سے ٹھیک ایک دن پہلے یمال اپنی 19 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، اور وہ اس ورلڈ کپ پر اپنی گہری چھاپ چھوڑنے کے لیے بے قرار ہیں۔بارسلونا کی طرف سے کھیلتے ہوئے ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے بعد، یمال کو ڈر تھا کہ وہ کہیں ورلڈ کپ سے ہی باہر نہ ہو جائیں۔ تاہم، انہوں نے بروقت واپسی کی اور سعودی عرب کے خلاف گول بھی داغا۔ لیکن اس کے بعد سے وہ اب تک مزید کوئی گول اسکور نہیں کر سکے۔ ہسپانوی کپتان روڈری نے یمال کی اس کیفیت پر بات کرتے ہوئے کہا”یمال کو اپنی اس بے چینی پر قابو پانے کی ضرورت ہے جو وہ کبھی کبھی خود کو اہم ثابت کرنے کے چکر میں دکھا دیتے ہیں۔ جب وہ یورو کپ میں اتنی پختگی دکھا چکے ہیں، تو اب دو سال بعد ان کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔یمال کی اس بے صبری کی وجہ سے اسپین کے حملوں میں وہ کاٹ نظر نہیں آ رہی جو یورو کپ میں تھی، جبکہ دوسری طرف فرانس اپنی روایتی حتمی صلاحیت کو دوبارہ پا چکا ہے اور اس وقت ٹورنامنٹ کی سب سے خطرناک اٹیکنگ لائن کے ساتھ میدان میں ہے۔27 سالہ کلین ایمباپے اس وقت اپنے کیریئر کے عروج پر ہیں اور وہ فٹ بال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں کی صف میں مستقل جگہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس ورلڈ کپ میں اب تک 8 گول داغ کر وہ لیونل میسی کے ساتھ گولڈن بوٹ کی ریس میں برابر ہیں، اور میسی کے آل ٹائم ورلڈ کپ ریکارڈ (21 گول) سے اب صرف ایک گول دور ہیں۔2018 میں ورلڈ کپ جیتنے اور 2022 کے فائنل میں ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد، ایمباپے کی نظریں اب لگاتار تیسرے ورلڈ کپ فائنل پر ہیں۔ اگر وہ ایسا کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں، تو وہ برازیل کے عظیم ڈیفینڈر کافو (Cafu) کے تاریخی ریکارڈ کی برابری کر لیں گے، جنہوں نے 1994 سے 2002 تک لگاتار تین فائنل کھیلے تھے۔