محمد تسکین
بانہال // شمالی ریلوے نے کشمیر وادی میں ٹریک کی ضروری مرمت اور دیکھ بھال کے پیش نظر بانہال ۔بارہمولہ سیکشن پر چلنے والی تین DEMU ٹرین خدمات 11 جولائی سے 25 جولائی 2026 تک منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق یہ فیصلہ لانگ ویلڈیڈ ریل کی ہائی ٹمپریچر پری-BCM ڈی اسٹریسنگ اور بعد ازاں بالسٹ کلیننگ مشین کے ذریعے ڈیپ اسکریننگ کے کام کو انجام دینے کے لیے کیا گیا ہے۔ یہ انجینئرنگ کام اے ڈی ای این بڈگام کے دائرہ اختیار میں انجام دیا جائے گا اور اسے ڈویژنل ریلوے منیجر جموں کی منظوری حاصل ہے۔منسوخ کی جانے والی ٹرینوں میں ٹرین نمبر 74615 (بانہال۔بارہمولہ)، 74632 (بارہمولہ۔بڈگام) اور 74628 (بڈگام۔بانہال) شامل ہیں۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس مرمتی کام کا مقصد شدید گرمی کے دوران ریلوے ٹریک کو مزید محفوظ اور مستحکم بنانا ہے۔ اس فیصلے سے روزانہ سفر کرنے والے سینکڑوں طلبہ، مریضوں ، ملازمین، تاجروں اور دیگر مسافروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مسافروں کو متبادل ٹرین خدمات سے استفادہ کرنے اور سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔