محمد تسکین
بانہال //امرناتھ یاترا کے آٹھویں قافلے کے تحت جمعرات کی علی الصبح 8,150یاتری سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے کشمیر کے لیے روانہ ہوئے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 3,445یاتری بالتل کے راستے سے جبکہ 4,705یاتری پہلگام کے روائتی راستے سے سفر کر رہے ہیں۔ قافلے میں مجموعی طور پر 334گاڑیاں شامل ہیں جن میں 175بسیں، 55میڈیم موٹر وہیکلز اور 104لائٹ موٹر وہیکلز شامل ہیں۔بالتل جانے والا قافلہ صبح 2:50بجے جبکہ پہلگام جانے والا قافلہ 3:38بجے روانہ ہوا۔حکام کے مطابق اب تک جموںکے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے شری امرناتھ یاترا کے لیے روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد 52,816ہو چکی ہے۔ادھر رام بن ضلع اور ملحقہ علاقوں میں رات بھر ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، جس سے گرمی اور حبس میں کمی آئی اور جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے یاتریوں کو بھی راحت ملی۔